قومی اورصوبائی سطح کے الیکشن میں نوجوانوں کوبھی ٹکٹ دئیے جائیں گے،شمس الرحمن

Nov 04, 2017

راولپنڈی (نیوز رپورٹر)جماعت اسلامی کے ضلعی امیرشمس الرحمن سواتی نے کہا کہ نوجوان کسی بھی انقلاب کاہراول دستہ ہوتے ہیں سینیٹرسراج الحق نے نوجوانوں کوقومی سطح کی لیڈرشپ میں شامل کرکے ان کا جائزمقام دے دیا ہے قومی اورصوبائی سطح کے الیکشن میں جماعت اسلامی کے پلیٹ فارم سے نوجوانوں کوبھی ٹکٹ دئیے جارہے ہیں۔پورے ملک میں طلبہ کنونشنز اورجے آئی یوتھ انٹرپارٹی الیکشن میں نوجوانوں کی جوش وخروش سے دلچسپی نے ثابت کردیا کہ پورے ملک میں نوجوان سراج الحق کے ساتھ ہیں ملکی مسائل اور کرپٹ مافیا کے مقابلے میں پاکستانی نوجوان گولی اوربندوق سے کئی گنا زیادہ طاقت رکھتے ہیں۔ان خیالات کااظہارانھوںنے گلریز،لکھن اور مورگاہ میں جے آئی یوتھ کے نومنتخب عہدیداران سے ملاقات اوراستقبالیہ تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر نائب امرائے ضلع امتیازعلی اسلم،ظفرالحسن جوئیہ، ضلعی سیکرٹری اطلاعات انعام الحق اعوان،ضلعی صدرجے آئی یوتھ سردارتفہیم اعظم سمیت مقامی قیادت بھی ان کے ہمراہ موجود تھی ۔ جماعت اسلامی کی قیادت نے نومنتخب عہدیداران کوانتخابات جیتنے پرمبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کے لئے نیک خواہشات کااظہاربھی کیا ۔ شمس الرحمن سواتی نے کہاکہ مثبت سرگرمی اور کھیل کے گرائونڈنہ ہونے کے باعث نوجوان منفی سرگرمیوں میں مصروف تھے لیکن سراج الحق کے ویژن کے مطابق ہم انھیں قومی دھارے میں شامل کرکے انہی کے ووٹ کی قوت سے انھیں اپنی نوجوان لیڈرشپ منتخب کرنے کے مواقع فراہم کررہے ہیں جے آئی یوتھ انٹراپارٹی الیکشن ،پاکستان کی تاریخ میں ایک منفرداورانقلابی مثال ہے یوتھ کاہمدرد ہونے کی دعویدارتنظیمیں باوجود کوشش کے انٹراپارٹی الیکشن نہ کرو اسکیں اور ان کے اپنے الیکشن کمیشن نے ہی ان کی دیانت داری پرسوال اٹھادئیے ۔مسائل اور کرپشن کی دلدل میں جماعت اسلامی ،نوجوانوںکیلئے امید کی کرن بن کرابھری ہے ۔انھوں نے کہاکہ نومنتخب عہدیداران اپنے علاقے کے مسائل کوحل کرنے کیلئے عملی اقدام کریں ظلم کی طویل سیاہ رات ختم ہونے والی ہے یہ نوجوان ظلم کے سامنے ایک مضبوط دیوارہوں گے اورمظلوم کی داد رسی کیلئے اس کے ساتھ کھڑے ہوں گے ۔

مزیدخبریں