اراکین اسمبلی کی اکثریت شاہد خاقان عباسی کے ساتھ ہے، محمد اعجاز الحق

چکوال(نامہ نگار ) پاکستان مسلم لیگ( ضیا )گروپ کے سربراہ اور ممبر قومی اسمبلی محمد اعجاز الحق نے کہا ہے کہ اگر میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف نے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو عہدے سے ہٹانے کی کوشش کی تو پاکستان مسلم لیگ (ن) کے اراکین اسمبلی کی اکثریت اور اپوزیشن جماعتیں وزیر اعظم کے تحفظ میں ایوان میں کھڑی نظر آئے گی اور اگر میاں نواز شریف نے اپنی سیاسی ہٹ دھرمی نہ چھوڑ ی تو اس صورت میں ن لیگ اور میاں شہباز شریف ایک پچ پرآسکتے ہیں، عدالت کو چاہئے کہ میاں نواز شریف کو اپنی اہلیہ کے علاج کے لئے بیرون ملک جانے کی اجازت دے دیں ،ماضی میں محترمہ نصرت بھٹو کو بھی انسانی حقوق کے اصولوں کو مد نظر رکھتے ہوئے بیرون ملک جانے کی اجازت دی گئی تھی وہ انجمن آرائیں پنجاب کی صوبائی کونسل کے ممبر ناصر محمود آرائیں چکوال کی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے اس موقع پرچوہدری غلام ربانی تلہ گنگ،چیئرمین چکوال میڈیا گروپ محمد شفیق ملک، چیئرمین تحصیل پریس کلب چکوال عمران قیصرعباس، صدر چکوال میڈیا گروپ خالد ملک سمیت عبد الغفار پارس، مرزا ساجد اقبال، مرزا سرمد اقبال، راجہ ثاقب عباس، مرتضی انجم ملک، ملک کامران اکرم ،ضلعی جنرل سیکرٹری آصف محمود آرائیں بھی موجود تھے۔ محمد اعجاز الحق نے مزید کہا کہ این آر او سپریم کورٹ نے بہت پہلے کا کالعدم دے رکھا تھا اب اس این آر او کی زر میں آنے والے سیاستدانوں اور بیورو کریٹ کا احتساب کا عمل شروع ہونے والا ہے، محمد اعجاز الحق نے قبل ازیں چوہدری لیاقت علی خان مرحوم ایم پی اے کی رہائش گاہ پر جا کر انکے خاندان سے دلی اظہارافسوس کیا۔

ای پیپر دی نیشن