پنجاب:گہری دھند اور اسموگ ،حدنگاہ صفر،حادثات میں2افراد جاں بحق ، 10سے زائدزخمی

Nov 04, 2017 | 11:46

ویب ڈیسک

لاہور سمیت پنجاب کے اکثر علاقے  شدید دھند اور اسموگ کی لپیٹ میں ہیں، موٹر وے اور قومی شاہراہوں پر حد نگاہ صفر تک پہنچ گئی ہے.شدید دھند کی وجہ سے مختلف حادثات میں 2 افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہوگئے۔ موٹروے ایم 3 کو پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد تک اور موٹروے ایم 2 کو پنڈی بھٹیاں، سیال موڑ سے لاہور تک کے لیے بڑی گاڑیوں کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔فتح آباد فیصل آباد روڈ کے قریب بس الٹنے سے ایک شخص جاں بحق اور 14 زخمی ہوگئے۔کمالیہ میں کار اور موٹر سائیکل کی ٹکر میں ایک شخص جاں بحق اور 2 زخمی ہوئے۔ سرگودھا کے قریب 8 گاڑیاں ٹکراگئیں۔ حادثے میں 10 افراد زخمی ہوگئے اسموگ کی وجہ سے ٹرینوں اورایئرپورٹس پر پروازوں کی آمدورفت میں تاخیر اور منسوخی کا عمل شروع ہو گیا ہے۔ دھند اور اسموگ کے سبب پی آئی اے نے 5پروازیں منسوخ کردیں جبکہ کئی پروازوں کا شیڈول تبدیل کردیا گیا ۔کراچی سے ملتان، ملتان سے مدینہ اور مدینہ سے ملتان، کراچی سے فیصل آباد، فیصل آباد سے جدہ اور جدہ سے فیصل آباد کی پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ دھند کے سبب کئی پاور پلانٹ بند ہوگئے، جس کی وجہ سے بجلی کا بحران پیدا ہوگیا ہے۔لیسکو نے پنجاب بھر کے لئے ہر گھنٹے بعد ایک گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کا شیڈول جاری کردیا جبکہ سندھ کے شہر وں میں بھی بجلی بندش کا دورانیہ بڑھادیا گیا ۔محکمہ موسمیات کے مطابق ایک ہفتے تک صوبہ بھر میں بارش کے کوئی امکانات نظر نہیں آ رہے۔کراچی کے بھی بعض علاقوں میں ہلکی دھندہے، ائر پورٹ کے اطراف، ملیر لنک ر وڈ اور ہائی وے پر صبح سویرے دھند سے ٹریفک کی روانی متاثرہوئی تاہم سورج نکلنے کے بعد صورتحال بہتر ہوئی۔موٹر وے حکام کے مطابق چیچہ وطنی میں دھند کے باعث حد نگاہ 20 میٹر رہ گئی جس کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہے جبکہ میاں چنوں سے خانیوال اور ملتان سے بہاولپور تک حد نگاہ سے صفر سے 50 میٹر تک ریکارڈ کی گئی ۔موٹر وے حکام نے شہریوں سے کہا ہے کہ اسموگ یا دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور گاڑیوں پر فوگ لائٹس کا استعمال کیا جائے۔

مزیدخبریں