شیخوپورہ(نمائندہ خصوصی)قومی ہاکی ٹیم کے سابق کوچ اولمپئن نوید عالم نے کہا ہے کہ ہاکی ورلڈ کپ کے انعقاد میں تین ہفتے باقی رہ گئے ہیں مگر ہاکی فیڈریشن فنڈز نہ ملنے کا رونا روکر تربیتی کیمپ کو ملتوی کرنے کا اعلان کررہے ہیں موجودہ پی ایچ ایف کی چار سالہ آئینی مدت پوری ہوچکی ہے اب ان کا اپنے عہدوں پر رہنے کا کوئی آئینی قانونی و اخلاقی جواز نہ ہے ، ان چار سال کے دوران پی ایچ ایف کو 90کروڑ روپے کی گرانٹ جاری کی گئی جس کا آڈٹ کروانا وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ یہ پیسہ کہاں اور کیسے خرچ کیا گیا؟ آج پاکستان ہاکی کو جس ذلت و رسوائی کا سامنا ہے ماضی میں اس کی مثال نہیں ملتی بس پیسہ ہی حاصل کرنا پی ایچ ایف کا مقصد دکھائی دے رہا ہے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ نوید عالم نے کہا کہ پی ایچ ایف آئینی مدت پوری کرچکی ہے اب انہیں چاہئے کہ وہ اپنے عہدے چھوڑ کر نئے انتخابات کروانے کا اعلان کریں اور اس مقصد کیلئے وزیر اعظم جو چیف پیٹرن بھی ہیں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔