لاہور(نمائندہ سپورٹس)یورپ میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کے کوارڈی نیٹر طاہر شاہ اقرار کا کہنا ہے کہ گذشتہ تیس برس سے یورپ کا دورہ کرنیوالی پاکستان ہاکی ٹیموں اور لیگ کھیلنے والے پلیئرز کی خدمت کر رہے ہیں۔ چند سال قبل بیلجئیم میں ہاکی ورلڈ کپ کوالیفائنگ راونڈ کھیلنے کے کیے آنیوالی ٹیم کے پاس بھی پیسے نہیں تھے اس وقت بھی ٹیم کی رہائش اور دیگر ضروری انتظامات کیے تھے۔ چند ہفتے قبل ہالینڈ میں کھیلی جانیوالی چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کیلئے جب پاکستانی ٹیم وہاں پہنچی تو ستر ہزار یورو کا بندوبست کیا جو بعد میں پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ادا کر دیے تھے لیکن ہنگامی حالت میں ٹیم انتظامیہ کو بڑی رقم کی ضرورت تھی جس کا ہم نے بندوبست کیا۔ اتنی بڑی رقم کا بندوبست کرنے کے باوجود ٹیم کے معاون کوچ ریحان بٹ نے نامناسب الفاظ کا استعمال کیا۔ ہم نے ہمیشہ پاکستان کے سبز ہلالی پرچم اور وطن کی محبت میں قومی ٹیم کا ہر طرح سے خیال رکھنے کی کوشش کی ہے۔ یورپ میں مقیم پاکستانی ہاکی پلیئرز کی خدمت میں ہمیشہ پیش پیش رہے ہیں۔ ہم آئندہ بھی ہاکی اور پاکستان کے لیے حاضر ہیں۔ جب رانا مجاہد علی خان پی ایچ ایف کے سیکرٹری تھے اس وقت کوالیفائنگ راونڈ کھیلنے کیلئے یورپ آنیوالی ٹیم کے پاس ہوٹل انتظامیہ کو دینے کے پیسے نہیں تھے اس وقت بھی ہم نے ذاتی تعلقات کو استعمال کرتے ہوئے یہ مسئلہ حل کیا تھا۔ یورپ میں مقیم پاکستانیوں کی خواہش ہے کہ ایک مرتبہ پھر ہاکی میں پاکستان ماضی والے مقام پر پہنچے اور عالمی اعزازت جیتے۔