ٹونٹی ٹونٹی سیریز میں کامیابی کا کریڈٹ کھلاڑیوں کو ملنا چاہیے:اظہر خان

Nov 04, 2018

لاہور(نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیف سلیکٹر اظہر خان کا کہنا ہے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹونٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز میں کامیابی کا کریڈٹ کھلاڑیوں کو ملنا چاہیے۔ اس فارمیٹ میں پاکستان کے وکٹ ٹیکنگ آپشنز میں اضافہ ہوا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ نسبتا کم سکور کرنے کے باوجود بھی ہم کامیاب ہوئے ہیں۔ متحدہ عرب امارات کی کنڈیشنز سے بھی ہمارے پلیئرز نے بہت اچھے انداز میں فائدہ اٹھایا ہے۔ آل راونڈر محمد حفیظ اپنے کم بیک کو یادگار بنا رہے ہیں حالیہ کامیابیوں میں انکا کردار نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے دونوں شعبوں میں ایک سینئر کھلاڑی کا کردار نبھایا ہے۔بابر اعظم بہت شاندار فارم میں ہیں انکے بروقت رنز کرنے سے ٹیم کو بہت فائدہ ہو رہا ہے۔ شاہین شاہ آفریدی، حسن علی اور دیگر باولرز بھی وکٹیں حاصل کر رہے ہین۔ عماد وسیم کی شمولیت سے باولنگ کی قوت میں اضافہ ہوا ہے اور انہوں نے اپنی موجودگی کا احساس دلایا ہے۔ سلیکشن کمیٹی، کوچنگ سٹاف اور تمام کھلاڑی اس کامیابی پر مبارکباد کے مستحق ہیں۔ دوہزار بیس میں ہونیوالے ٹونٹی ٹونٹی عالمی کپ کے لیے ہم ایک اچھی اور مضبوط ٹیم تشکیل دے سکتے ہیں۔

مزیدخبریں