لاہور ( شہزادہ خالد) پاک چائنہ بس سروس کے تحت پہلی بس 34 مسافروں کو لیکر کل رات 12 بجے لاہور سے چین کیلئے روانہ ہوگی۔بس میں کل 36 مسافروں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ لاہور سے کاشغر تک یکطرفہ کرایہ 13ہزار روپے ہے اور اسی رقم میںمسافروں کو ناشتہ ، کھانا، چائے وغیرہ بھی فراہم کی جائیگی۔لاہور سے بس 30 گھنٹوں میں چین کے شہر کاشغر جائیگی۔ لاہور سے کاشغر اور کاشغر سے لاہور دو طرفہ کرایہ 23 ہزار روپے مقرر کیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ پاکستان اور چین کی حکومتوں کی جانب سے مسافروں کو سبسڈی دیے جانے کا امکان ہے جس سے کرائے میں 30 فیصد تک کمی ہو سکتی ہے۔ہر مسافر اپنے ساتھ 20 کلو گرام تک سامان مفت لے جا سکتا ہے، اس سے زائد وزن پر اضافی رقم دینا پڑیگی۔اس بس کی بکنگ لاہور اور اسلام آباد سے کی جاسکتی ہے۔بس سروس کے بعد پاک چائنہ ٹرین سروس بھی شروع کی جا رہی ہے۔ پاک چائنہ بس سروس کے حوالے سے پاکستان انوسٹمنٹ بورڈ کے چئیرمین ہارون شریف نے کہا ہے کہ اس بس سروس سے تاجروں کو بہت فائدہ پہنچے گا۔اکنامک فورم کے چیئرمین اقبال شامی کا کہنا ہے کہ اس بس سروس سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید گہرے ہو جائیں گے۔محمد انور چیف ایگزیکٹو نجی کمپنی نے کہا کہ لاہور سے چین جاتے ہوئے مسافروں کو اسلام آباد پہنچ کر ناشتہ کرایا جائے گا۔مانسہرہ پہنچ کر چائے اور بشام میں دوپہر کا کھانا اور چلاس میں شام کی چائے اور گلگت پہنچ کر رات کا کھانا دیا جائیگااور رات 8 بجے سے صبح دو بجے تک مسافروں کو آرام کا وقت دیا جائیگا اور اسکے بعد درہ خنجراب کے راستے کاشغر پہنچا جائیگا۔پاک چائنہ بس اسی راستے سے لاہور واپس آئیگی۔ پاکستان اور چین کے درمیان بس سروس کا باقاعدہ آغاز 3 نومبر سے ہونا تھا تاہم کشیدہ صورتحال کے باعث اسے مو¿خر کردیا گیا۔ لاہور سے ہفتے میں چار روز ہفتہ، اتوار، پیر اور منگل کو بس کاشغر کیلئے روانہ ہوگی جبکہ کاشغر سے لاہور کیلئے بس منگل، بدھ، جمعرات اور جمعہ کے روز روانہ ہوگی۔
پاک چائنہ بس سروس
;پاک چائنہ بس سروس کے تحت 34مسافر کل رات چین روانہ ہونگے
Nov 04, 2018