نیویارک(آئی یان پی ) اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے اقوام متحدہ کے بحالی امن فنڈز میں صوابدیدی کمی کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کوچھیالیس امن مشن میں کام کرنے کا اعزاز حاصل ہے، بحالی امن مشن کوسٹاف اور سامان کے لیے مناسب فنڈ درکار ہوتا ہے، صوابدیدی فنڈ کم کرنے سے اس بحالی امن کی کوشش کو نقصان کا خدشہ ہے۔تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب ملیحہ لودھی نے جنرل اسمبلی کی چوتھی کمیٹی سے خطاب کے دوران اقوام متحدہ کے بحالی امن کی فنڈنگ میں صوابدیدی کمی کی مخالفت کی۔پاکستانی سفیر نے کہا کہ بحالی امن مشن کو سٹاف اور سامان کے لیے مناسب فنڈ درکار ہوتا ہے۔ صوابدیدی فنڈ کم کرنے سے اس بحالی امن کی کوشش کو نقصان کا خدشہ ہے۔ بحالی امن کے بجٹ میں کمی کے بجائے صلاحیت بہتر بنانے پر توجہ دی جائے۔انہوں نے دنیا کے خطرناک ممالک میں پاکستانی امن مشن کی کاوشوں کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے دولاکھ رضا کار اقوام متحدہ کے امن مشن میں شامل ہیں۔پاکستان کوچھیالیس امن مشن میں کام کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔ عالمی امن کے لیے پاک فوج کے ایک سو چھپن جوانوں نے جان کا نذرانہ پیش کیا۔پاکستانی سفیر نے کہا کہ متنازع علاقوں میں امن کے لیے کام کی بھاری قیمت ادا کرنی پڑتی ہے۔ متنازعہ علاقوں میں کام کرنے والے امید اور بہتر مستقبل کے لیے امید کی کرن ہیں۔
اقوام متحدہ کے امن فنڈز میں کمی کی مخالفت، صلاحیت بہتر بنانے پر توجہ دی جائے: ملیحہ لو دھی
Nov 04, 2018