پہلا ٹیسٹ: ویلمبز اور مسکڈزا کی شاندار بیٹنگ زمبابوے نے 5 وکٹ پر 236 رنز بنا لئے

Nov 04, 2018

سلہٹ (اے پی پی) زمبابوے نے بنگلہ دیش کے خلاف پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کھیل کے اختتام تک اپنی پہلی اننگز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 236 رنز بنا لئے تھے، سین ولیمز 88 اور کپتان ہملٹن مسکڈزا 52 رنز بنا کر نمایاں رہے، پیٹر مور 37 اور چیکبوا 20 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، تیجل اسلام نے 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ ہفتے کو سلہٹ میں شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں زمبابوین قائد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو کپتان مسکڈزا اور برائن چاری ٹیم کو صرف 35 رنز کا آغاز فراہم کر سکے، تیجل اسلام نے چاری کو آئوٹ کر کے ٹیم کو پہلی کامیابی دلائی، انہوں نے 13 رنز بنائے، برینڈن ٹیلر زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 6 رنز بنانے کے بعد تیجل اسلام کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے، 85 کے سکور پر مسکڈزا 52 رنز بنانے کے بعد ابوجاوید کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے، سکندر رضا 19 رنز بنانے کے بعد نظم الاسلام کی گیند پر بولڈ ہوئے، اس موقع پر پیٹر مور نے سین ولیمز کا ساتھ دیا، دونوں بلے بازوں نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 72 قیمتی رنز جوڑ کر ٹیم کا سکور 201 تک پہنچا کر اسے سہارا دیا، یہاں پر محموداللہ نے ولیمز کو آئوٹ کر کے ٹیم کو بڑی کامیابی دلائی، انہوں نے 88 رنز کی اننگز کھیلی، اس کے بعد پیٹر مور اور چیکبوا حریف بائولرز کے سامنے ڈٹ گئے اور دونوں نے دن ختم ہونے تک مزید نقصان نہ ہونے دیا، اسطرح پہلے روز جب کھیل ختم ہوا تو زمبابوے نے پہلی اننگز میں 5 وکٹوں پر 236 رنز بنا لئے تھے، پیٹر مور 37 اور چیکبوا 20 رنز بنا کر ناقابل شکست ہیں۔ تیجل اسلام نے 2، ابوجاوید، نظم الاسلام اور محموداللہ نے ایک، ایک وکٹ لی۔

مزیدخبریں