چھٹے مرحلے کا آج آغاز، پوائنٹس ٹیبل پر سنٹرل پنجاب سرفہرست

Nov 04, 2019

لاہور (سپورٹس رپورٹر) قائد اعظم ٹرافی فور ڈے کرکٹ ٹورنامنٹ کے چھٹے مرحلے کا آغاز آج ہوگا ۔ تین میچز مختلف مقامات پر شروع ہوں گے۔ پی سی بی کے زیر اہتمام میگا ٹورنامنٹ کے دلچسپ مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے، ٹورنامنٹ کے 16 ویں میچ میں بلوچستان اور سدرن پنجاب کی ٹیمیں بگٹی سٹیڈیم، کوئٹہ میں مدمقابل ہوں گی۔ خیبرپختونخوا اور سندھ کی ٹیموں کے درمیان میچ ایبٹ آباد کرکٹ سٹیڈیم میں شروع ہوگا جبکہ سینٹرل پنجاب اور ناردرن کی ٹیمیں اقبال سٹیڈیم، فیصل آباد میں آمنے سامنے ہوں گی۔ ایونٹ میں شامل 6 ٹیمیں ملک بھر کے 3 مختلف شہروں میں مدمقابل آئیں گی۔ قومی ٹیسٹ سکواڈ میں شامل 10 کرکٹرز کی آسٹریلیا روانگی کے بعد ایونٹ کا چھٹا راؤنڈ ڈومیسٹک کرکٹرز کو اعلیٰ کارکردگی دکھانے کا بہترین موقع فراہم کر رہا ہے۔ 10 راؤنڈز پر مشتمل ایونٹ میں شریک تمام ٹیمیں زیادہ سے زیادہ پوائنٹس حاصل کرکے فائنل میں رسائی کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہیں۔ قائداعظم ٹرافی کا فائنل 9 سے 13دسمبر تک نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔سینٹرل پنجاب کی ٹیم 78 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے۔قائد اعظم ٹرافی فور ڈے ٹورنامنٹ کے پانچ رائونڈ مکمل ہونے کے بعد سینٹرل پنجاب کی ٹیم 78 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے، سدرن پنجاب دوسرے اور خیبرپختونخوا تیسرے نمبر پر ہے۔ پانچ رائونڈ مکمل ہونے کے بعد سینٹرل پنجاب پوائنٹس ٹیبل پر 78 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے۔سینٹرل پنجاب نے پانچ میں سے دو میچوں میں کامیابی حاصل کی جبکہ تین میچز ڈرا کھیلے۔ سدرن پنجاب کی ٹیم 60 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، خیبرپختونخوا 53 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے اور بلوچستان 45 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے، سندھ اور ناردرن 44 ، 44 پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب پانچویں اور چھٹے نمبر پر موجود ہیں۔

مزیدخبریں