بھارت نے آزاد کشمیر کے 3 اضلاع، گلگت بلتستان کے تین علاقوں کو اپنا حصہ قرار دیدیا: نقشہ مسترد کرتے ہیں: پاکستان

Nov 04, 2019

نئی دہلی‘ اسلام آباد (کے پی آئی +سٹاف رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) بھارتی حکومت نے آزادکشمیر کے تین اضلاع مظفرآباد، پونچھ اور میرپور جبکہ گلگت بلتستان کے تین علاقوں گلگت ،گلگتوزارت، چلاس اور قبائلی علاقے کو بھارتی یونین ٹریٹری میں ظاہر کیا ہے۔ بھارتی ٹی وی کے مطابق وزارت داخلہ نے دعویٰ کیا 1947ء میں جموں کشمیر کے چودہ اضلاع تھے ان میں کٹھوعہ، جموں، ادھمپور، ریاسی، اننت ناگ، بارہ مولہ، پونچھ، گلگت، گلگتو زارت، چلاس اور قبائلی علاقہ شامل تھا۔ کے پی آئی کے مطابق بھارتی حکومت کے اس دعوے کے تحت سروے جنرل آف انڈیا نے بھارت کا نیا نقشہ جاری کر دیا ہے۔ بھارتی نقشے میں جموں کشمیر اور لداخ کو بھارتی یونین ٹریٹری میں شامل دکھایا گیا ہے۔ پاکستان نے بھارتی سیاسی نقشہ مسترد کر دیا۔ نقشہ 2 نومبر کو بھارتی وزارت خارجہ نے جاری کیا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ نقشہ درست نہیں۔ بھارتی اقدام سلامتی کونسل کی قراردادوں کے منافی ہے۔ پاکستان اس سیاسی نقشے کو مسترد کرتا ہے۔ بھارتی کی کوئی بھی کارروائی کشمیر کی حیثیت نہیں بدل سکتی۔ پاکستان کشمیریوں کی جدوجہد کی حمایت جاری رکھے گا۔ بھارت ایسی حرکتوں سے دنیا کو بے وقوف نہیں بنا سکتا ہے۔

مزیدخبریں