اسلام آباد (نامہ نگار‘ نوائے وقت رپورٹ‘ صباح نیوز) جمعیت علمائے اسلام کے دھرنے کے دوران گزشتہ روز جے یو آئی ایف کے کارکن علی الصبح نماز فجر کے بعد کھیل تماشوں میں بھی مصروف رہے۔ کچھ کارکن ٹیمیں بنا کر فٹ بال کھیلتے رہے۔ چادر کی مدد سے اپنے ساتھی کو فضا میں اچھالتے نظر آئے۔ دوسری جانب کارکنوں کی بڑی تعداد نے پنڈال کی صفائی بھی کی۔ جلسہ گاہ میں ایک جگہ اسلام آباد پولیس کے اہلکار بھی جے یو آئی ف کے ایک کارکن کے پیچھے نماز فجر پڑھتے ہوئے نظر آئے۔ اس حوالے سے جے یو آئی رہنمائوں نے کہا کہ پولیس بھی ہماری صفوں موجود ہے۔ پولیس اپنے فرائض منصبی انجام دینے میں دقت محسوس نہیں کر رہی اور ہمارے کارکنان کے ساتھ بلاخوف و خطر گھل مل بھی رہی ہے۔ جمعیت علمائے اسلام کے کارکنوں کا جلسہ گاہ میں صفائی کرنا روز کا معمول ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق کارکن پارکوں میں جھولے جھولتے ہوئے بھی نظر آئے جبکہ کبڈی‘ کرکٹ اور کہیں لنگڑی پالہ کھیلتے رہے۔ علاوہ ازیں اسلام آباد میں زیادہ تر تعلیمی ادارے اور یونیورسٹیاں آج کھلیں گی، تاہم یونیورسٹیوں میں ہونے والے امتحانات ملتوی کر دیئے گئے ہیں۔ اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے تمام سرکاری سکول کھلے رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ بین الاقوامی اسلامی یو نیورسٹی میںجمعرات سے شروع ہونے والے پیپر 11نومبر تک ملتوی کر دیئے گئے ہیں تاہم یو نیورسٹی کھلنے یا نہ کھلنے کے حوالے سے کوئی واضح اعلان نہیں کیا گیا۔ نسٹ‘ کامسیٹس، قائداعظم یونیورسٹی کیساتھ پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن نے بھی آج سکول کھلے رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ دوسری جانب نیشنل ایسوسی ایشن آف پرائیویٹ سکولز کے صدر چوہدری عبید اللہ نے سکول بند رکھنے کا اعلان کر تے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حالات کے پیش نظر آج راولپنڈی اور اسلام آباد میں تعلیمی ادارے بند رکھے جائیں گے تاہم جن علاقوں میں راستے کھلے ہیں وہاں تعلیمی ادارے کھلے رکھے جا سکتے ہیں۔