لندن (نیٹ نیوز) برطانیہ کے شہزادہ چارلس کے پسندیدہ سرکاری مکانات میں سے ایک مکان میں لگی 6 کروڑ 46 لاکھ 79 ہزار 950 ڈالرز مالیت کی پینٹنگز جعلی نکلیں۔ ڈم فریز ہاؤس ’دی پرنس فاؤنڈیشن‘ کا صدر مقام ہے جہاں ان قیمتی فن پاروں کو عوامی نمائش کے لیے لگایا گیا تھا لیکن جعل سازی کا آرٹ سکینڈل سامنے آنے کے بعد ان پینٹنگز کو ہٹا دیا گیا ہے۔ دی میل آن سنڈے کے مطابق وہاں لگی بہت سی پینٹنگز میں سے دو فن پارے جس میں سے ایک 5 کروڑ 43 لاکھ 31 ہزار 158 ڈالرز کی پکاسو کی پینٹنگ تھی جب کہ دوسری 1 کروڑ 55 لاکھ 23 ہزار 188 ڈالرز کی مصور ڈالی کی پینٹنگ تھی، ان دونوں کو بھی جعلی قرار دے دیا گیا ہے۔ دیوالیہ بزنس مین جیمس اسٹنٹ کی طرف سے 17 پینٹنگز قرض پر دی گئی تھیں۔ پرنس فاؤنڈیشن کے ترجمان نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ڈم فریز ہاؤس وقتاً فوقتاً افراد اور دیگر تنظیموں کے قرض پر فن پاروں کو قبول کرتا رہتا ہے۔