ریاض(انٹرنیشنل ڈیسک)سعودی عرب میں یمن کی سرحد کے نزدیکی صوبے جازان میں سعودی فوج کے 2 اہلکار ایک حملے میں جاں بحق ہوگئے۔ادھربندرگاہی شہر حدیدہ میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں2 بچے جاں بحق اور 3زخمی ہوگئے۔ سعودی پریس ایجنسی کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’جازان کے شمالی علاقے میں سرحد کے نزدیک دو فوجی اہلکاروں نے ملک کے دفاع اور سرزمین کی حفاظت میں جام شہادت نوش کیا۔‘سعودی پریس ایجنسی کی جاب سے بیان میں فوجیوں کی شناخت اور واقعے کی تفصیلات نہیں بتائی گئی ہیں تاہم اس علاقے میں حوثی باغیوں سے سعودی اتحادی فوج کے ساتھ جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔رواں برس حوثی باغیوں کی جانب سے جازان پر داغے گئے 10 سے زائد میزائلوں اور ڈرون حملوں کو سعودی فوج نے فضا میں ہی ناکارہ بنادیا تھا تاہم کچھ میزائل ابہا کے ہوائی اڈوں پر بھی گرے تھے جس میں ایک شہری جاں بحق اور متعدد زخمی بھی ہوئے تھے۔واضح رہے کہ یمن میں حوثی باغیوں اور سعوی سربراہی میں قائم عسکری اتحاد کے درمیان ستمبر 2014 سے جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے جس میں سیکڑوں شہری ہلاک اور ہزاروں بے گھر ہوگئے ہیں جب کہ 80 لاکھ سے زائد بچوں کو غذا کی کمی کا سامنا ہے۔