پاکستان نے بھارتی ذرائع ابلاغ کی ان اطلاعات کو مکمل طور پر بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے جن میں خفیہ ذرائع کے حوالے سے گوردوارہ کرتارپور صاحب کے قریب نارووال میں مبینہ طور پر تربیتی کیمپوں کی موجودگی کی طرف اشارہ کیا گیا ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے پیر کے روز ایک بیان میں کہا کہ پاکستان کے جذبہ کرتارپور کا مقصد نانک کے نام لیواؤں خصوصاً سکھوں کو اپنے مقدس مقامات کے دورے میں سہولت فراہم کرنا اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میڈیا کی اطلاعات کے مندرجات بھارت میں جاری گمراہ کن مہم کا حصہ ہیں جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔
انہوں نے کہا کہ گوردوارہ کرتارپور صاحب کے بارے میں بے بنیاد الزامات جن کا مقصد بھارت کے علاوہ کچھ بھی ہو۔ پاکستان کی ایک اچھی کاوش کے بارے میں غلط بیانی کرنا، راہداری کے اقدام کو نقصان پہنچانا اور دنیا بھر میں سکھوں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کی دانستہ کوشش ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی شرانگیز کوششوں کو نفرت کے ساتھ مسترد کرتے ہیں۔