حکومت اپوزیشن کے درمیان ایک بارپھر مذاکرات کا سلسلہ شروع ہوگیا، اپوزیشن نے حکومت کو باضابطہ طورپر اپنے مطالبات سے آگاہ کردیا جبکہ حکومتی ٹیم کی طرف سے کہا گیا ہے کہ توقع ہے بات چیت کا اچھا نتیجہ نکلے گا۔ وزیر دفاع چیئرمین حکومتی وزارتی کمیٹی پرویز خٹک نے کمیٹی کے دیگر ارکان کے ہمراہ پیر کی شام رہبر کمیٹی کے ارکان سے ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے مختصر بات چیت کرتے ہوئے اکرم خان درانی نے کہاکہ ہم نے مطالبات سے حکومتی کمیٹی کو آگاہ کردیا، غور سے ہمارے مطالبات سن لئے گئے ہیں، کافی اور بھی ڈسکشن ہوئی ہے ، منگل کو دوبارہ تین بجے ملیں گے اور میری رہائش گاہ پر مشترکہ اجلاس ہوگا ، ہمارے مطالبات حکومتی مذاکراتی کمیٹی والے لے کر جارہے ہیں اور اپنے بڑوں کے سامنے رکھیں گے ۔ منگل کو آئیں گے اور اپنے بڑوں کی بات چیت سے ہمیں آگاہ کریں گے۔ پرویز خٹک نے کہاکہ ہم اس بات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہیں کہ جمعیت علماء اسلام نے معاہدے کی پاسداری کی ہے ، پہلے مرحلے میں معاہدے کے حوالے سے اچھا نتیجہ نکلا اب ہم نے ڈیمانڈ سن لی ہیں دیگر ایشوز پر بھی باتیں ہوئی ہیں، پارٹی قیادت کو ان کے مطالبات سے آگاہ کریں گے اور منگل کودوبارہ ملیں گے۔