سید سعود ساحر پاکستان کے نظریاتی مورچے پر ڈٹے رہے،عرفان صدیقی

Nov 04, 2020

اسلام آباد(وقائع نگارخصوصی)سابق مشیر وزیراعظم عرفان صدیقی نے ممتاز صحافی، دانشور اور شاعر سید سعود ساحر کے انتقال پر گہرے رنج وغم اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ مرحوم کے صاحبزادوں کرنل احمد سعود اورسینئر صحافی عمر فاروق کے نام اپنے تعزیتی پیغام میں انہوں نے کہاکہ سعود ساحر کے انتقال کی خبر سن کر دلی رنج ہوا۔ وہ ایک درویش مزاج، کھرے، بے لاگ اور انتہائی محنتی شخص تھے۔ ساری عمر صحافت کے دشت بے اماں میں گزاری اور پیشہ وارانہ ریاضت کی اعلی مثال قائم کی۔ اپنے کردار کو بے داغ رکھا۔ عرفان صدیقی نے کہاکہ سید سعود ساحر پاکستان کے نظریاتی مورچے پر ڈٹے رہے۔ مجھے ان کی رفاقت میں کام کرنے کا موقع بھی ملا۔ 2014 میں جب مجھے قومی ایوارڈ کمیٹی کی سربراہی کا موقع ملا تو میرے ذہن میں پہلا نام سعود ساحر کا آیا۔ عرفان صدیقی نے کہاکہ یہ بات شاید رسمی سی ہو لیکن میں حقیقی معنوں میں سمجھتا ہوں کہ سعود ساحر کا خلا مشکل سے پْر ہوگا۔ اللہ تعالی انہیں جواررحمت میں جگہ دے اور اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ 

مزیدخبریں