لاہور (نیوز رپورٹر) اللہ تعالیٰ نے نبی کریمؐ کو پوری کائنات کیلئے رحمت بنا کر بھیجا ہے۔ دنیا وآخرت کی کامیابی کیلئے ہمیں نبی کریمؐ کی تعلیمات پر عمل کرنا ہے۔ فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت انتہائی قابل مذمت ہے ، ناموس رسالتؐ کیلئے ہر مسلمان اپنی جان قربان کرنے کو ہمہ وقت تیار ہے۔ موجودہ حالات میں امت مسلمہ کو متحد ہو کر اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ ہماری سب سے بڑی طاقت باہمی اتحاد ہے اور آپؐ کی ذات اقدس سے عشق اس اتحاد کی بنیاد ہے۔ آپؐ نے رنگ و نسل کی تمیز مٹا ڈالی اور فوقیت کا معیار صرف اور صرف تقویٰ کو قرار دیا۔ ہمیں چاہیے کہ خود بھی اور نسل نو کو بھی سیرت النبیؐ کا مطالعہ کرائیں تا کہ دنیا و آخرت میں کامیابی ہمارے قدم چومے۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان، لاہور میں نظریۂ پاکستان ٹرسٹ اور تحریکِ پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے سہ روزہ سیرت النبیؐ کانفرنس کے پہلے روز خطاب میں کیا۔ کانفرنس کا کلیدی موضوع ’’ سیرت النبیؐ اور امت مسلمہ کا مستقبل ‘‘ ہے۔ صاحبزادہ میاں ولید احمد شرقپوری، صاحبزادہ سلطان احمد علی، پیر سید ہارون علی گیلانی، ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور محکمہ اوقاف ومذہبی امور ڈاکٹر طاہر رضا بخاری، قیوم نظامی، بیگم خالدہ جمیل، شاہد رشید، علمائے کرام، طلبا وطالبات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے خواتین و حضرات کی کثیر تعداد موجود تھی۔ تلاوت کی سعادت قاری محمد دائود نقشبندی نے حاصل کی بارگاہ رسالت مآبؐ میں گلہائے عقیدت اختر حسین قریشی اور حافظ وارث سلطانی نے پیش کئے۔ نظامت کے فرائض عثمان احمد نے انجام دیئے۔ میاں ولید احمد شرقپوری نے کہا کہ فرانس میں شائع کردہ گستاخانہ خاکوں اور فرانسیسی صدر کے مسلمانوں اور اسلام مخالف بیانات کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ ہمیں نبی کریمؐ کی سچی محبت اور کامل اتباع کی توفیق عطا فرمائے۔ پیر سید ہارون علی گیلانی نے کہا کہ مستقبل کے حالات کیسے ہوں گے؟ یہ جاننے کیلئے کوئی بات فرض کی جا سکتی ہے ،ہم پیشگوئی کر سکتے ہیں یا انبیاء علیہم السلام نے جو بتایا اس سے رہنمائی لے سکتے ہیں۔ نبی کریمؐ نے ہماری رہنمائی کیلئے مستقبل میں پیش آنیوالے بعض واقعات کا تفصیل سے ذکر کر دیا۔ صاحبزادہ سلطان احمد علی نے کہا کہ نبی کریمؐ نے محض 23برس کی قلیل مدت میں عرب معاشرہ میں ایسا انقلاب برپا کر دیا کہ ایک دوسرے کی جان کے دشمن ایک دوسرے کی خاطر جان قربان کرنے کو تیار ہو گئے۔ ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے کہا کہ ناموس رسالتؐ کیلئے اپنی جان قربان کرنا ہر مسلمان ایک اعزاز سمجھتا ہے۔ ہماری بقاء و سلامتی ذاتِ نبی کریمؐ کے ساتھ دلی و گہری وابستگی میں ہی پنہاں ہے۔ قیوم نظامی نے کہا کہ اسوۂ حسنہ ہمارے لئے بہترین نمونہ ہے۔ نبی کریمؐ نے ہمیں نسلی، لسانی، گروہی، صوبائی، فرقہ ورانہ سمیت ہر طرح کے تعصبات سے دور رہنے کا درس دیا ہے۔ شاہد رشید نے کہا کہ آپؐ ہر زمانے اور تمام انسانیت کے لیے ہدایت کا سرچشمہ ہیں۔ آخر میں صاحبزادہ میاں ولید احمد جواد شرقپوری نے دعا کرائی۔