انقرہ (انٹرنیشنل ڈیسک+ این این آئی) ترکی کے مغربی شہر ازمیر میں 7.0 شدت کے زلزلے کے نتیجے میں ہونے والی اموات کی تعداد 100ہو گئی ہے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ترک ڈیزاسٹرمینجمنٹ ایجنسی نے کہاکہ زلزلے سے اموات کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ جبکہ ازمیر میں زلزلے کے بعد امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ ترک میڈیا کے مطابق زلزلے سے متاثرہ علاقے میں ریسکیو کارروائیاں جاری ہیں۔ امدادی کارروائیوں میں ملبے سے اب تک 106 افراد کو زندہ نکالا جا چکا ہے۔ واضح رہے کہ ترکی کے مغربی شہر ازمیر میں 30 اکتوبر کو 7.0 شدت کا زلزلہ آیا تھا۔ ترکی کے شہر ازمیر میں خوفناک زلزلہ آنے کے 91 گھنٹوں بعد چار سالہ بچی کو عمارت کے ملبے سے زندہ نکال لیا گیا۔ بچی کی حوصلہ افزائی کرنے اور امدادی کارکنان کی ستائش کے طور پر تْرک صدر رجب طیب اردگان نے ایک ٹویٹ بھی کیا ہے۔ ترکی زلزلہ، ملبے سے 3 سالہ بچی 65 گھنٹے کے بعد زندہ نکال لی گئی۔ ٹویٹ میں اردگان نے اللّٰہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا اور کئی گھنٹے ملبے تلے دبے رہنے کے باوجود ننھی بچیوں کے زندہ بچ جانے کو معجزہ قرار دیا ہے۔ اردگان کا کہنا تھا کہ ’خدائے برتر کا شکر ہے کہ جس نے معجزہ دکھاتے ہوئے ہمیں پْرامید رہنے کا ایک اور موقع دیا۔‘انہوں نے لکھا کہ معجزانہ طور پر بچ جانے والی بچی نے امدادی کارکنان کے حوصلے بلند کئے ہیں۔ خیال رہے کہ ازمیر میں 91 گھنٹوں تک عمارت کے ملبے میں وہی چار سالہ بچی آئیدا معجزانہ طور پر زندہ رہیں۔