زکوٰۃ و عشر کا پاکیزہ نظام اختیارکرنے تک خوشحالی کا خواب پورا نہیں ہوگا: سراج الحق 

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ حکومت نے مدینہ کی اسلامی ریاست کا دعویٰ کیا تھا ، مگر 23 ماہ بعد بھی سود کے خلاف کچھ نہیں کر سکی۔ سودی نظام اور مدینہ کی ریاست ایک دوسرے کی ضد ہیں۔ ملکی آئین اور شریعت، دونوں سودی کاروبار کی اجازت نہیں دیتے۔ سودی معیشت آئین و شریعت کی کھلی خلاف ورزی اور اللہ اور رسول کے خلاف جنگ ہے۔ کل آمدن کا 86 فیصد قرضوں کے سود کی ادائیگی میں چلاجاتا ہے۔ جب تک سودی نظام سے توبہ اور زکوۃ و عشر کے پاکیزہ نظام کو اختیار نہیں کیا جاتا، ملکی ترقی اور خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں انسداد سود سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار سے ڈاکٹر پروفیسر علی محی الدین قراداوی، قانت خلیل اللہ، پروفیسر خلیل الرحمن چشتی، ڈاکٹر عتیق الرحمن، حافظ عاطف وحید نے بھی خطاب کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ اللہ تعالیٰ نے سود کو حرام اور تجارت کو حلال کیا ہے لیکن اسلام کے نام پربننے والے ملک میں ہر حکومت نے اللہ کے احکامات کو پس پشت ڈالتے ہوئے سودی قرضے لیکر ملک و قوم کو عالمی مالیاتی اداروں کا اسیر بنایا۔ آج آئی ایم ایف اور ایف اے ٹی ایف کی مرضی کے خلاف حکومت کوئی پالیسی نہیں بناسکتی۔ حکمران خود انحصاری اختیار کرنے کی بجائے قرضوں کے حصو ل کو ترجیح دیتے ہیں اور آمدن سے زیادہ اخراجات کرتے ہیں۔ بیرونی اور اندرونی قرضوں کا سود بڑھتے بڑھتے کل آمدن کے 86 فیصد تک جا پہنچا ہے۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ حکومت کی تمام تر کوششوں کے باوجود ٹیکس دینے والوں کی تعداد اور آمدن مسلسل کم ہو رہی ہے۔ حکومت اگر زکوٰۃ و عشرکا نظام نافذ کر دے تو زکوٰۃ دینے والوں کی تعداد ٹیکس دینے والوں سے دوگنا ہو سکتی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت سودی شکنجے اور عالمی مالیاتی اداروں کی غلامی سے آزادی کیلئے فوری طور پر ملک میں اسلامی نظام معیشت نافذ کرے۔ دریں ا ثناء  سینیٹر سراج الحق نے اسلام آباد میں ترکی کے سفارتخانے کا دورہ کیا اور سفیر احسان مصطفی یردا کل سے سے ملاقات کی۔ ملاقات میں نائب امیر جماعت اسلامی میاں محمد اسلم بھی موجود تھے۔ سینیٹر سراج الحق نے ترکی میں حالیہ زلزلہ سے قیمتی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والوں کیلئے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ سینیٹر سراج الحق نے کشمیر اور فلسطین کے مسائل کے حل کیلئے ترکی کے صدر طیب اردوان کے جرات مندانہ موقف اور حمایت کا شکریہ ادا کیا۔ 

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...