کوئٹہ (بیورو رپورٹ) کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل محمد وسیم اشرف نے کہا ہے کہ لیویز فورس نے بلوچستان کے دور افتادہ علاقوں میں قیام امن کیلئے جانوں کی پرواہ کئے بغیر اپنا کردار ادا کیا ہے۔ پاک فوج کی جانب سے اب تک 3302لیویز اہلکاروں کی استعداد بڑھانے کیلئے تربیت دی گئی ہے۔ جبکہ 1030اہلکاروں کی تربیت جاری ہے۔180اہلکار کمانڈوٹریننگ کورس کر رہے ہیں۔ یہ بات انہوں نے منگل کو لیویزہیڈکوارٹر کوئٹہ کے دورے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پرصوبائی وزیرداخلہ میر ضیاء لانگو، ڈائریکٹر جنرل لیویز مجیب الرحمن نے کمانڈرسدرن کمانڈ کا استقبال کیا۔ بعد ازاںکمانڈر سدرن کمانڈ نے لیویز کی یادگار شہداء پر حاضری دی اور پھول چڑھائے۔ انہوں نے لیویز ہیڈکوارٹر میں آئی ٹی روم، جی فنسنگ سہولت، اسلحہ اور اسلحہ کے سٹالز کا بھی جائز لیا اور نئے تعمیر شدہ کانفرنس ہال کا معائنہ کیا۔ اس موقع پرلیویز اہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل محمد وسیم اشرف نے کہا کہ لیویز فورس نے بلوچستان میں قیام امن اور امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے گراں قدرخدمات سرانجام دی ہیں۔ لیویز فورس کا صوبے میں اہم کردار ہے۔ پاک فوج نے لیویز فورس کی استعداد کار کو بڑھانے کا جو سلسلہ شروع کیا ہے بھرپور طریقے سے جاری رکھا جائے گا۔