کراچی (اسپورٹس رپورٹر ) قائد اعظم ٹرافی میں شریک پیسرز محمد عباس، عامر یامین اور میر حمزہ میں وائرل فیور کی تصدیق ہوئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سندھ کے فاسٹ بائولر میر حمزہ میں نزلہ اور بخار کی علامات ظاہر ہونے پر انہیں آرام کی غرض سے گھر بھیج دیا گیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے اعلی حکام نے بھی تصدیق کی ہے کہ سدرن پنجاب کے فاسٹ بائولر محمد عباس اور آل رائونڈر عامر یامین طبیعت ناساز ہونے کے باعث بلوچستان کے خلاف قائداعظم ٹرافی کے دوسرے رائونڈ کے شروع ہونے والے میچ میں اپنی ٹیم کی نمائندگی نہیں کررہے جب کہ دوسری جانب فاسٹ بائولر سہیل خان اور آل رائونڈر انور علی نے سندھ کی ٹیم کو جوائن کرلیا ہے۔قومی ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد اور سینئر ٹیسٹ بلے باز اسد شفیق بھی صحت یاب ہوگئے ہیں۔