کیمسٹس اور فارما ڈسٹری بیوٹرز کالائسنسوں کے معاملے پر احتجاج کا اعلان

ملتان(نیوز رپورٹر) پاکستان کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹ ایسوسی ایشن اور فارما ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کا ہنگامی اجلاس ہوا جس کی صدارت محمد طفیل ھاشمی سابق صدر پاکستان کیمسٹ ایسوسی ایشن نے کی۔ اجلاس میں کوالیفائیڈ ڈسپینسر کے ڈرگ سیل لائسینس‘ ٹائم لمٹ والے ڈرگ سیل لائسینسوں کو دو سال کیلئے تجدید کرنے کے تجویز و 2007 میں آنے والے شیڈول جی کے بارے کیٹیگری A پر بنائے گئے ڈرگ سیل کے علاوہ باقی تمام ڈرگ سیل لائسنسوں پر شیڈول جی کے نفاذ کی سمری وزیر اعلیٰ پنجاب کو بھیج دی گئی اور اس کی منظوری کے بعد پچانوے فیصد میڈیکل سٹور شیڈول جی کی ادویات کے بغیر  بے معنی ہو جائیں گی اور پرانے ڈرگ سیل لائسینس دو سال کے بعد اللہ کو پیارے ہو جائیں گے۔ افسوس کی بات یہ ہے پاکستان بھر میں صرف پنجاب کے کیمسٹوں کیساتھ ہی سوتیلی ماں جیسا سلوک کیوں کیا جا رہا ہے، اس سے لاکھوں کی تعداد میں لوگ مزید بے روزگاری کا شکار ہونگے جب ہمارے بچوں اور ملازمین کا روز گار چھینا جائے گا تو یقیناً ہم لوگ آرام سے نہیں بیٹھیں گے مشاورت میں یہ بھی طے ہوا کہ پنجاب بھر کے کیمسٹ نمائندوں سے رابطے کئیے جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب سے ملاقات کی کوشش کی جائے گی اور اپنے مسائل سے آگاہ کیا جائے گا اور پھر بھی ھمارے جائز مسائل کو حل نہ کیا گیا تو بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔ اجلاس میں صدر فارما ڈسٹری بیوٹرز اظہر بلوچ سیکرٹری جنرل عتیق الرحمن خان ،محمد اختر بٹ، علی حسین صدیقی، چوھدری محمد عاشق ،شیخ محمد نجیب شامل تھے۔

ای پیپر دی نیشن