افغان سرحدی فورسز کے فوجی کیمپ پرخودکش کاربم حملہ ،  3 عسکریت پسند ہلاک

Nov 04, 2020

قندوز(شِنہوا)افغانستان کے شمالی صوبے قندوز میں افغان سرحدی  فورسز کے فوجی کیمپ پر کاربم دھماکے اور فائرنگ کے نتیجے میں ایک خود کش بمبار سمیت کم از کم 3 عسکریت پسند ہلاک ہو گئے ہیں۔ اس کی تصدیق مقامی ذرائع نے منگل کے روز کی۔نامعلوم ذرائع نے شِنہوا کو بتایا کہ مقامی وقت کے مطابق صبح 7 بجے ایک خود کش بمبار نے دھماکہ خیز مواد سے بھری گاڑی کو ضلع امام صاحب میں اس کیمپ کے گیٹ کے سامنے اڑا دیا۔ دھماکے کے فورا بعد ہی 4 عسکریت پسندوں کا کیمپ کی نگرانی پر مامور سیکورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ذرائع نے مزید کہا کہ عسکریت پسندوں نے حفاظتی حصار توڑ کر احاطے میں داخل ہونے کی کوشش کی لیکن سرحدی فورسز نے حملہ آوروں کا مقابلہ کیا اور 2 عسکریت پسندوں کو ہلاک کر دیا۔انہوں نے کہا کہ 2 عسکریت پسند جائے وقوعہ سے فرار ہو گئے اور فائرنگ کے کچھ گھنٹوں بعد صورتحال معمول پر آ گئی۔افغان نیشنل آرمی کی 217 پامیر کور سے تعلق رکھنے والے ہادی جمال نے شِنہوا کو واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مزید تفصیلات مناسب وقت پر جاری کی جائینگی۔مقامی دیہاتیوں نے شِنہوا کو بتایا کہ عسکریت پسندوں نے حملے میں اغوا شدہ فوجی بکتر بند گاڑی کا استعمال کیا۔ انہوں نے کہا کہ کابل سے 250 کلومیٹر شمال میں واقع صوبے کے شمالی حصے کے ضلع میں قائم کیمپ پرعسکریت پسندوں نے راکٹ نما گرنیڈ اور مارٹرز کے متعدد رانڈ فائر کیے۔کسی  گروہ نے ابھی تک حملہ کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ افغان حکام ماضی میں طالبان عسکریت پسندوں کو ایسے حملوں کا ذمہ دار ٹھہراتے رہے ہیں۔

مزیدخبریں