اسلام آباد :(نمائندہ نوائے وقت)وزیر قانون وانصاف ڈاکٹر بیرسٹر فروغ نسیم نے ترکی کے ساحلی شہرازمیرمیں زلزلے میں ہونے والے جانی اور مالی نقصان پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔پیر کو ترجمان وزارت قانون کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیر قانون وانصاف ڈاکٹر بیرسٹر فروغ نسیم نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان اور عوام اپنے ترک بھائیوں سے اپنے تعلقات کو شدید اہمیت کی نظر سے دیکھتے ہیں۔زلزلے سے ہونے والے نقصانات پر تمام پاکستانی بے حد رنجیدہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام اس مشکل وقت میں اپنے ترک بھائیوں کی بھرپور مدد کے لیئے تیار ہے۔پاکستانی اپنے ترک زلزلہ متاثرین بھائیوں کے لیئے دعا گو ہیں فروغ نسیم نے کہا کہ پاکستانی عوام کو آج بھی ترک حکومت کی جانب سے 2005 زلزلے کے موقع پر کی گئی مدد یاد ہے۔ترکی کی حوصلہ مند عوام جلد اس آفت اور اس کے اثرات سے نکل آئے گی۔ترجمان وزارت قانون وانصاف کے مطابق وزیر قانون اور ان کے ترک ہم منصب نے فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی مذمت کی۔دونوں رہنما ں نے کہا کہ اسلام پر امن مذہب ہے۔ڈاکٹر فروغ نسیم نے اپنے ترک ہم منصب کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔ وزیر قانون فروغ نسیم نے کہا کہ جلد ترکی کا دورہ کروں گا۔قانون کے شعبے میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون پر اتفاق کیا گیا۔
وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم کا ترک ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ
Nov 04, 2020