ریلوے انتظامیہ کا شاہین پسنجر و چمن مکسڈ ٹرینیں بحال کرنے کا فیصلہ

Nov 04, 2020

اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت):پاکستان ریلوے نے عوام کی سہولت کے پیش نظر کوئٹہ وچمن کے درمیان چلنے والی چمن مکسڈ ٹرین (349-Up/350-Dn) کو 10نومبر 2020سے بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ترجمان کے مطابق (349-Up) چمن مکسڈ ٹرین کوئٹہ سے صبح 8بج کر 30منٹ پر روانہ ہو کر کچلاک،بوستان،گلستان، قلعہ عبداللہ اور شیلا باغ پر سٹاپ کرتی ہوئی دوپہر ایک بجے چمن ریلوے سٹیشن پر پہنچے گی، اسی طرح (350-Dn) چمن مکسڈ ٹرین چمن ریلوے سٹیشن سے دوپہر 2بج کر 20منٹ پر روانہ ہو کر اسی روٹ سے ہوتی ہوئی شام 7بجے کوئٹہ پہنچے گی، علاوہ ازیں ریلوے انتظامیہ نے سیالکوٹ۔وزیر آباد کے درمیان چلنے والی شاہین پسنجر ٹرین (225-Up/226-Dn) کو بھی فوری طور پر بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ((225-Upشاہین پسنجر ٹرین وزیر آباد سے صبح 5بجکر 45منٹ پر روانہ ہو کر سوہدرہ کوپرا، اگوکی سے ہوتی ہوئی صبح 6بجکر 50منٹ پر سیالکوٹ پہنچے گی جبکہ (226-Dn) شاہین پسنجر ٹرین سیالکوٹ سے شام 4بجکر 30منٹ پر روانہ ہو کر اسی روٹ سے ہوتی ہوئی شام 5بجکر 35منٹ پر وزیر آباد پہنچے گی۔پاکستان ریلوے نے کورونا کی دوسری لہر کے خدشے کے پیش نظر کوویڈ 19کے پھیلائو کو روکنے کے لیے ایس او پیز کے دوبارہ اطلاق کا فیصلہ کرلیا۔

مزیدخبریں