اسلام آباد( خصوصی نمائندہ)انسداددہشتگردی عدالت نے گستاخانہ مواد تشہیر کیس میں صفائی کے ایک گواہ کا بیان قلمبندکرلیا۔ احتساب عدالت کے جج راجہ جواد عباس حسن نے سماعت کی، سماعت کے دوران مدعی مقدمہ حافظ احتشام احمد ذاتی طور پر جبکہ سرکار کی جانب سے محمد شفقات ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے، اس موقع پر مقدمے میں زیر حراست چاروں ملزمان کو بھی جیل سے عدالت لایا گیا،دوران سماعت زیر حراست ملزم عبدالوحید کے بیٹے طلحہ وحید نے بطور دفاعی گواہ بیان قلمبند کروا دیاجس پر سرکاری وکیل محمد شفقات نے جرح مکمل کی۔عدالت نے مذکورہ مقدمے کو دس نومبر کو حتمی دلائل کے لئے مقرر کرتے ہوئے فریقین کے وکلا کوآئندہ سماعت پر حتمی دلائل دینے کی ہدایت کی اور کہاکہ عدالت 13 نومبر کو اس مقدمے کا فیصلہ سنائی گی،ہائیکورٹ نے ہمیں 15 نومبر سے قبل اس مقدمے کا فیصلہ سنانے کا حکم دے رکھا ہے لیکن14 اور 15 نومبر کو ہفتہ وار تعطیل ہے،لہذا عدالت 13 نومبر کو مقدمے کا حتمی فیصلہ سنائی گی،عدالت نے مزید سماعت10نومبر تک ملتوی کر دی۔