لاہور: فیاض الحسن چوہان نے محکمہ جیل خانہ جات کا چارج سنبھالتے ہی شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو کوٹ لکھپت جیل میں دی جانے والی سہولیات کی تفصیلات طلب کر لی ہیں۔
فیاض الحسن چوہان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پنجاب کی جیلوں سے وی آئی پی کلچر کا خاتمہ اولین ترجیح ہے۔ تمام قیدیوں کو یکساں اور بہترین سہولیات فراہم کرنا میرا مشن ہے۔ کسی بھی قیدی سے امتیازی سلوک کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ پنجاب حکومت نے فیاض الحسن چوہان کیلئے نئی ذمہ داریاں تغویض کرتے ہوئے انھیں صوبائی وزیر جیل خانہ جات بنا دیا ہے۔
اس سلسلے میں ان کی وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے اہم ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ نئی وزارت کی ذمہ داریوں پر بھی بات چیت کی گئی۔ فیاض چوہان نے ذمہ داریاں مزید احسن انداز سے سرانجام دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ فیاض الحسن چوہان کے پاس وزارت کالونیز کا بھی قلمدان ہے۔
جوکچھ ھوتا ھےاچھےکےلیےھوتاھے۔یہ ھم سب کا اللہ پر ایمان ھے۔
گزشتہ روز فیاض الحسن چوہان سے صوبائی وزیر اطلاعات کا قلمدان واپس لے کر یہ ذمہ داریاں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کو سونپ دی گئی تھیں۔ میڈیا سے گفتگو میں جب فیاض الحسن چوہان سے پوچھا گیا کہ کیا وزارت ہاتھ سے جانے کی خبریں ان کے علم میں ہیں؟ تو انہوں نے اس سے لاعلمی کا اظہار کیا تھا۔
آج اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے لکھا کہ جو ہوتا ہے اچھے کیلئے ہی ہوتا ہے۔ یہ ہم سب کا اللہ پر ایمان ہے۔ اطلاعات کی وزارت کی واپسی پر سب سے زیادہ خوشی انڈین را، مکس اچار پارٹی اور خصوصاً ن لیگ کو ہوئی۔ انہوں نے لکھا کہ میں وزیراعظم عمران خان کا سپاہی ہوں۔ آپ کی کرپشن کی منجی ٹھونکتا رہوں گا۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں قومی اداروں کے خلاف مذموم عزائم کی تکمیل کے لئے چلائی جانے والی مہم کی شدید مذمت کی گئی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے ملاقات میں فردوس عاشق اعوان کو وزیراعظم عمران خان کے پاکستان دوست بیانیے کو بھرپور طریقے سے اجاگر کرنے کی ہدایت کی۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ صوبے میں جاری فلاحی منصوبوں کو موثر انداز سے عوام کے سامنے لایا جائے۔ 2 برس کے دوران وہ کام کئے جو سابقہ حکومتیں برس ہا برس نہ کر سکیں۔ ہمارا مقصد عوام کو ریلیف دینا اور ان کیلئے آسانیاں پیدا کرنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام کے حقوق کا نگہبان ہوں، کسی کو عوام کے مفادات پر ڈاکہ نہیں ڈالنے دوں گا۔ اداروں کو متنازع بنانے کی کوشش پاکستان کو کمزور کرنے کی سازش ہے۔ ہر سطح پر اپنے اداروں کا دفاع کریں گے۔ اپوزیشن جماعتوں کا پاکستان مخالف بیانیہ پٹ چکا ہے۔
معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ حکومت کے عوامی فلاح کے کاموں کو بہترین طریقے سے اجاگر کیا جائے گا۔ سیاسی یتیم پاکستان کے اداروں کے خلاف منظم مہم چلا رہے ہیں۔ قومی اداروں کے خلاف پراپیگنڈا ملک دشمن عناصر کا ایجنڈا ہے۔ اپوزیشن جماعتیں ہر محاذ پر ناکام ہو چکی ہیں۔