روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا ہے کہ ماسکو نے امریکا میں منعقدہ انتخابات کے نتیجے میں نئے منتخب ہونے والے صدر کے ساتھ تعاون کے ضمن میں کوئی بلند توقعات وابستہ نہیں کی ہیں۔انھوں نے امریکا میں صدارتی انتخاب کے لیے پولنگ کے موقع پر ایک بیان میں کہا ہے کہ روس امریکی عوام کے انتخاب کا احترام کرے گا اور تعمیری تعاون کے لیے تیار ہوگا۔ ان کا کہنا ہے کہ ماسکو دوطرفہ تعلقات کے امکانات کے جائزے میں حقیقت پسندی سے کام لے رہا ہے۔دریں اثنا امریکا کے محکمہ ہوم لینڈ سیکورٹی کے قائم مقام سیکریٹری ( وزیر) چڈ وولف نے ایک نیوز بریفنگ میں کہا ہے کہ روس اور ایران ایسے ممالک کے سائبر حملوں کے باوجود امریکا کا انتخابی نظام مضبوط ہے۔انھوں نے ان دونوں ممالک پر سائبر حملوں کے ذریعے امریکی ووٹروں کا ڈیٹا چرانے کی کوشش کا الزام عائد کیا ہے۔انھوں نے کہا کہ ہمیں ایسا کوئی اشارہ نہیں ملا کہ کوئی غیرملکی کردار ان انتخابات میں ووٹ ڈالنے کے عمل پراثرانداز ہونے میں کامیاب ہوگیا ہے لیکن ہم ہائی الرٹ ہیں۔