وفاقی وزیر پیشہ وارانہ تعلیم شفقت محمود کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے ایسے حالات نہیں کہ ملک میں تمام تعلیمی ادارے بند کر دیے جائیں۔ایک انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ حکومت، تعلیمی اداروں میں کورونا کی صورتحال کا مکمل جائزہ لے رہی ہے لیکن ابھی انہیں بند کرنے سے متعلق حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت تعلیمی اداروں میں تمام اساتذہ اور دیگر عملے کا کورونا ٹیسٹ کر رہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ملک میں وائرس کے کیسز میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے، لہذا ہر کسی کو وبا سے بچنے کے لیے معیاری طریقہ کار (ایس او پیز) پر سختی سے عمل کرنا چاہیے۔دوسری جانب وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم کورونا وائرس کے اعداد و شمار کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لے رہے ہیں اور کورونا وائرس کے پیش نظر تعلیمی ادارے بند کرنے کا تاحال کوئی پلان نہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں موجودہ صورتحال میں زیادہ احتیاط کرنا ہوگی، اگر احتیاط نہ کی گئی تو ہم اپنے آپ کو مشکل میں ڈال لیں گے۔