کراچی(کامرس رپورٹر) کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) کے صدر محمد ادریس نے آل سٹی تاجر اتحاد کے ممبران کی شکایات سننے کے بعد یہ یقین دہانی کرائی ہے کہ کے سی سی آئی ان کے تمام مسائل کو متعلقہ محکموں کے سامنے اٹھائے گا اور اس بات کو بھی یقینی بنایا جائے گا کہ انہیں فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے افسران کی جانب سے ہراساں کرنے یا ناانصافی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ایف آئی اے یا ایف بی آر حکام کی طرف سے ہراساں کرنے سے متعلق کوئی بھی مخصوص کیس بابت کے سی سی آئی کوآگاہ کیا جائے تاکہ اسے ان محکموں کے اعلیٰ حکام کے علم میں لایا جاسکے اور چھوٹے تاجروں، دکانداروں کو درپیش مشکلات کو کم کیا جا سکے۔ یہ بات انہوں نے آل سٹی تاجر اتحاد کے صدر حماد پونا والا کی قیادت میں ایک وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔ اجلاس میں کے سی سی آئی کے سینئر نائب صدر عبدالرحمان نقی، نائب صدر کے سی سی آئی قاضی زاہد حسین، چیئرمین خصوصی کمیٹی برائے اسمال ٹریڈرز مجید میمن، سابق صدر کے سی سی آئی شارق وہرہ، مینیجنگ کمیٹی کے اراکین کے علاوہ اے سی ٹی آئی کے ممبران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔صدر کے سی سی آئی نے کراچی کے خستہ حال روڈ، انفرااسٹرکچر اور اسٹریٹ کرائمز کی بڑھتی وارداتوں پر اے سی ٹی آئی کے وفد کی جانب سے تشویش کے اظہار پر کہا کہ کراچی چیمبر ان تمام مسائل سے بخوبی واقف ہے اسی لیے یہ معاملات پہلے ہی وزیراعلیٰ ہاؤس میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب کے ساتھ ہونے والی حالیہ ملاقات میں زیر بحث لائے جاچکے ہیں جنہیں کے سی سی آئی میں بھی مدعو کیا گیا ہے تاکہ انفرااسٹرکچر کے مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جا سکے اور حکومت سندھ کو مقامی انتظامیہ کے ساتھ مل کر شہر بھر کی سڑکوں کی بہتری اور تعمیر نو کے لیے ایک جامع لائحہ عمل وضع کرنے کے لیے قائل کیا جا سکے باالخصوس صنعتی علاقوں میں جہاں سڑکوں کی انتہائی خراب حالت کی وجہ سے آج کل سفر کرنا ناممکن ہو گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی پولیس چیف یعقوب منہاس جنہوں نے حال ہی میں کے سی سی آئی کا دورہ کیا تھا انہیں ایک بار پھر کے سی سی آئی میں ایک اور اجلاس میں مدعو کیا جائے گا جس میں تمام ایسوسی ایشنز کے نمائندوں کو بھی بلایا جائے گا تاکہ انہیں اسٹریٹ کرائمز میں اضافے کی وجہ سے پیدا ہونے والے مسائل کو مؤثر انداز میں اجاگر کرنے کا موقع مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ بی ایم جی کی عوامی خدمت کی پالیسی کے تحت چھوٹے تاجر اور دکاندار بھی کے سی سی آئی کے لیے اہمیت کے حامل ہیں جسے مرحوم سراج تیلی نے متعارف کرایا تھا۔ ہم بغیر کسی امتیاز کے اسی جوش اور جذبے کے ساتھ چھوٹے تاجروں کی خدمت اور مدد کرتے رہیں گے۔
نکراچی چیمبر ایف بی آر کی ہراسگی سے نمٹنے کی یقین دہانی
Nov 04, 2021