ممبئی(نوائے وقت رپورٹ) آریان کو بچانے کیلئے شاہ رخ کو بلیک میل کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ این سی بی کے گواہ پربھاکر سائل نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے گوساوی کی بات چیت سنی۔ جس میں کے پی گوساوی اور دیگر افراد شاہ رخ خان سے 25 کروڑ روپے کا مطالبہ کرنے کے بارے میں بات کررہے تھے۔ یہ معاملہ 18 کروڑ میں فائنل ہونا تھا جن میں سے 8 کروڑ این سی بی کے زونل ڈائریکٹر سمیر وانکھیڈے کو دئیے جانے تھے اور باقی 10 کروڑ آپس میں بانٹنے کی بات ہورہی تھی۔ سیم ڈی سوزا نے اپنے ایک بیان میں قبول کیا ہے کہ شاہ رخ خان کی مینجر پوجا ددلانی کے پی گوساوی اور سیم ڈسوزا سے ملی تھیں اور انہوں نے دعویٰ کیا کہ پوجا ددلانی کی جانب سے کے پی گوساوی کو 50 لاکھ روپے بطور ٹوکن اماؤنٹ بھی دیا گیا تھا۔ لیکن جب بات نہیں بنی توگوساوی یہ 50 لاکھ روپے واپس بھی نہیں کررہا تھا تاہم سیم ڈی سوزا نے کہا کہ اپنا تمام تر زور لگانے کے بعد ہم گوساوی سے 38 لاکھ روپے نکلوانے میں کامیاب ہو سکے۔ ہم سمجھ گئے کہ کے پی گوساوی دھوکے باز آدمی ہے۔انڈیا ٹو ڈے کے مطابق راہول گاندھی نے شاہ رخ خان کو آریان کے جیل جانے پر خط لکھا کہ ’آپ اور آپ کی فیملی انتہائی مشکل وقت سے گزر رہے ہیں۔ جس پر میں آپ لوگوں سے معافی مانگتا ہوں۔