لندن/ نئی دہلی (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارت میں سکھوں کے علیحدہ وطن کے قیام کے لیے لندن میں ہونے والے ریفرنڈم نے نریندر مودی کو پریشان کردیا۔ سکاٹ لینڈ کے شہرگلاسگو میں ہونے والی عالمی موسمیاتی کانفرنس کے موقع پر ہونے والی ملاقات میں مودی برطانوی وزیراعظم کے سامنے پھٹ پڑے اور خالصتان پر ہونے والے ریفرنڈم پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔ ملاقات میں تجارت کے بجائے خالصتان کا موضوع ہی حاوی رہا۔ ملاقات میں مودی نے بورس جانسن کے سامنے خالصتان پر ریفرنڈم کا معاملہ اٹھایا جس کے بعد اتفاق ہوا کہ دونوں ممالک کے قومی سلامتی کے مشیران اس معاملے پر مل کر مسئلے کی نشاندہی کریں گے۔ بھارتی سیکرٹری خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بھارت اور برطانیہ کے قومی سلامتی کے مشیر رواں ماہ کے آخر میں ملاقات کریں گے۔