صدر عارف کا شہید فوجی جوانوں کے سوگوار خاندانوں کو ٹیلی فون، اظہار تعزیت

Nov 04, 2021

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے دہشت گردی کے مختلف واقعات میں شہید ہونے والے پاک فوج کے جوانوں کے سوگوار خاندانوں کو بدھ کو ٹیلی فون کئے اور پسماندگان سے اظہار تعزیت کیا۔ صدر علوی نے 20 اکتوبر کو باجوڑ میں دھماکے میں شہید ہونے والے لانس نائیک مدثر، سپاہی جمشید خان اور سپاہی صمد خان 26 اکتوبر کو ضلع کرم میں فائرنگ کے نتیجے میں شہید ہونے والے سپاہی اسد اور سپاہی آصف، 26 اکتوبر کو شمالی وزیرستان میں دھماکے میں شہید ہونے والے سپاہی رمضان خٹک  اور سپاہی روحیل حسین  کے اہلِ خانہ سے ٹیلی فون پر بات چیت کی۔ صدر مملکت نے وطن کی خاطر شہداء کی خدمات اور عظیم قربانی پر شہداء اور ان کے خاندانوں کو خراج تحسین پیش کیا، درجات کی بلندی کے لئے دعا کی۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ حکومت کی معاشی حکمت عملی کا بنیادی محور ملک کی برآمدات بڑھانا، تجارتی خسارہ کم کرنا اور معاشرے کے پسماندہ طبقات کی مدد کرنا ہے، حکومتی اصلاحات کے نتیجے میں کاروبار کرنے میں آسانی کے انڈیکس میں پاکستان کی درجہ بندی 108 سے 136 تک پہنچ گئی ہے، کاروباری شعبے کو عالمی سوچ اپنانے اور منڈیوں میں بدلتے ہوئے رجحانات سے باخبر رہنے کی ضرورت ہے۔ بدھ کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار انٹرپرینیورز آرگنائزیشن (ای او ) کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری خصوصی افراد اور خواتین کو مالی طور پر خودمختار بنانے کیلئے ملازمتیں دیں اورکاروباری صلاحیتیں بڑھائیں، خصوصی افراد کو عمارتوں اور کام کی جگہوں تک آسان رسائی فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔

مزیدخبریں