اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وزیرمملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ ن لیگ جھوٹ اور الزام تراشیوں کی سیاست کررہی ہے، اس وقت دنیا میں دہائی کی سب سے ذیادہ مہنگائی ہے، حکومت نے اپنی کامیاب حکمت عملی اور ریلیف کی بدولت عوام پرعالمی سطح کی مہنگائی کا کم سے کم اثر منتقل ہونے دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مریم اونگزیب کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کیا۔ وزیر مملکت نے کہا کہ یو این ایف اے او کی حالیہ رپورٹ نے سب کچھ کھول کر رکھ دیا ہے،عالمی سطح پر خوردنی آئل کی قیمتوں میں 127 فیصد اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 100فیصد اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اپنی قوم کو ہر صورتحال سے آگاہ رکھنے کی نئی روایت قائم کی ہے۔ فرخ حبیب نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو غریب، متوسط اور پسے ہوئے طبقات کی ذیادہ فکر ہے۔ حکومت نے احساس پروگرام متعارف کرایا اور اس وقت احساس پروگرام کے تحت 34 سماجی تحفظ کے پروگرامات کامیابی سے چل رہے ہیں۔ وزیر مملکت نے کہا کہ کھانے پینے کی اشیا، سبزیوں اور دیگر اشیا خورد و نوش کی قیمتوں میں استحکام کے لئے یومیہ کی بنیاد پر وفاق اور صوبوں کی سطح پر اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کاش ن لیگی کبھی سچ بھی بول سکیں ، اس وقت دنیا میں ہونے والی مہنگائی کا سب سے کم اثر پاکستان میں پڑا ہے، وزیراعظم عمران خان نے کووڈ۔ 19کے آغاز اور عروج کے دوران بھی اپنے عوام کو تنہا نہیں چھوڑا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں عوامی ریلیف کے اعلانات صرف نعروں کی حد تک ہی تھے، عملی طور پر اپنی ہی جیبیں بھریں گئیں۔ وزیر مملکت نے کہا کہ آج ملک کے اندر جو بھی مہنگائی، بے روزگاری ہے اس کی ذمہ دار ن لیگ ہے، درحقیقت ن لیگ نیب سے ایسا این آر او چاہتی ہے جس میں ان کے تمام کیسز یکدم ختم ہو جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ نے2013 سے 2018 کے درمیان ملک کے ہر ادارے کو مفلوج کیا، ان کی ترجیح کرپشن، کمیشن، منی لانڈرنگ اورجعلی اکائونٹس تھے، 1998کے بعد ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے کارناموں کی وجہ سے کئی بار ملک ڈیفالٹ کے دہانے پر پہنچا۔ فرخ حبیب نے سوال اٹھایا کہ آئی ایم ایف کے پاس سب سے پہلے کون گیا اور کیوں اس کی ضرورت پیش آئی۔