کراچی (نیوزرپورٹر) ماڈل ٹرائل کورٹ نے کورنگی میں چھ سالہ ماہم زیادتی اور قتل کیس کے ملزم پر فرد جرم کی کارروائی موخر کردی، ملزم پر فرد جرم 17 نومبر کو عائد کی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق ماڈل ٹرائل کورٹ شرقی میں کورنگی میں چھ سالہ ماہم کے ساتھ مبینہ زیادتی اور قتل کیس کی سماعت ہوئی ، ملزم ذاکر کے والد عدالت میں پیش ہوئے اور وکیل کرنے کیلئے مہلت کی استدعا کی۔ عدالت نے ملزم کے والد کو وکیل کرنے کی مہلت دیتے ہوئے ملزم کے خلاف فرد جرم کی کارروائی موخر کردی اور سماعت 17 نومبر تک ملتوی کردی۔ عدالت نے کہا ملزم ذاکر عرف انڈولہ کے خلاف فرد جرم 17 نومبر کو عائد کی جائے گی۔ خیال رہے پولیس کے مطابق واقعہ 28 جولائی کو زمان ٹاون تھانے کی حدود میں پیش آیا تھا، گرفتار ملزم ذاکر عرف انڈولہ نے جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے اعتراف جرم بھی کیا تھا، فوری سماعت کیلئے سیشن عدالت نے کیس ماڈل ٹرائل کورٹ منقتل کیا تھا۔ یاد رہے جولائی میں کراچی کے علاقے زمان ٹان سے لاپتہ چھ سالہ بچی کی لاش برآمد ہوئی تھی، جس کے بعد بچی کی لاش کا پوسٹ مارٹم کرایا گیا ، جس میں لیڈی ایم ایل او ڈاکٹر ثمیہ نے بچی ماہم سے زیادتی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ بچی سے پہلے زیادتی کی گئی اس کے بعد قتل کیا گیا۔ ایم ایل او نے ابتدائی رپورٹ اور ویڈیو بیان میں انکشاف کیا تھا کہ ماہم کو ناک اور منہ بند کرکے قتل کیا گیا اور قتل کے دوران ہی زور لگانے سے گردن کی ہڈی ٹوٹی تھی۔