چوک اعظم(نمائندہ نواے وقت )صوبائی وزیر برائے توانائی ڈاکٹرمحمد اختر ملک نے ضلع لیہ کی تحصیل چوبارہ میں زینفا سولر پراجیکٹ چوبارہ کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ ممبر قومی اسمبلی ملک نیاز احمد جکھڑ، صوبائی پارلیمانی سیکرٹری زراعت محمد طاہر رندھاوا، ایم پی اے ملک احمد علی اولکھ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیواشفاق حسین سیال ،پی ٹی آئی رہنما چوہدری بشارت رندھاوا بھی موجودتھے۔اس موقع پر پراجیکٹ جنرل مینیجر ثمینہ ناز نے بریفنگ دی۔صوبائی وزیر برائے توانائی ڈاکٹرمحمد اختر ملک نے زینفا سولر پراجیکٹ کا معائنہ بھی کیا۔بعدازاںانہوںنے ایم پی اے محمد طاہر رندھاواکی رہائش گاہ پر میڈیاٹاک کی۔صوبائی وزیر ڈاکٹرمحمد اختر ملک نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ زینفا سولر پراجیکٹ سے 100 میگا واٹ بجلی پیدا ہوگی جبکہ اس پراجیکٹ پر 57 ملین ڈالر لاگت آئے گی ،صوبائی وزیر برائے توانائی ڈاکٹرمحمد اختر ملک نے کہاکہ زینفا سولر پراجیکٹ علاقہ کے لئے گیم چینجر ثابت ہوگایہ منصوبہ آئندہ سال جنوری سے کام شروع کردے گااس پراجیکٹ کے بعد چوبارہ کو سپیشل اکنامک زون میں بھی شامل کریں گے جبکہ پراجیکٹ کے اطراف میں کلین گرین مہم کے تحت 5 ہزار پھل دار درخت بھی لگائے جائیں گے۔ ڈاکٹرمحمد اختر ملک نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ علاقہ میں نوجوانوں کی فنی تربیت کے لئے ٹیکنکل ادارے کا قیام اور مستحق افراد کے علاج معالجہ کے لئے زینفا کے زیراہتمام ہسپتال کا قیام بھی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہاکہ صوبہ بھر میں 24سوبنیادی مراکزصحت جبکہ جنوبی پنجاب کے 3ڈویڑنز میں 11ہزار پرائمری سکولوں کو سولرسسٹم پر منتقل کیاگیا ہے جس میں لیہ کے 672پرائمری سکول بھی شامل ہیں۔ ڈاکٹرمحمد اختر ملک نے میڈیا ٹاک کرتے ہوئے کہاکہ اگلے مرحلے میں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرہسپتالوں کو سولر سسٹم پر منتقل کیاجائے گا۔انہوں نے کہاکہ ہمارے خطہ میں ہوا اور بجلی سے توانائی پیداکرنے کے وسیع مواقع ہیں یہی وجہ ہے کہ ہماری حکومت 7بڑے اور 5چھوٹے ڈیم بنارہی ہے۔صوبائی وزیر برائے توانائی ڈاکٹرمحمد اختر ملک نے کہ سولرسسٹم سے پرائمری سکولوں میں طلبہ کے داخلوں کی شرح میں اضافہ ہواہے جبکہ بنیادی مراکزصحت میں ادویات اور ویکسین کو محفوظ رکھنے میں بھی آسانی ہوتی ہے۔انہوں نے کہاکہ ضلع لیہ کے علاقے چوبارہ میں 100 میگا واٹ کا سولر پراجیکٹ ایک انقلابی منصوبہ ہے صوبائی وزیر برائے توانائی ڈاکٹرمحمد اختر ملک نے ضلع لیہ کے ایک روزہ دورہ کے موقع پرتحصیل ہیڈکوارٹرہسپتال چوبارہ کا معائنہ کیا۔
سولر پراجیکٹ چوبارہ کے لئے گیم چینجر ثابت ہوگا: ڈاکٹرمحمد اختر ملک
Nov 04, 2021