ملتا ن ( خصوصی رپورٹر) سیکرٹری صحت جنوبی پنجاب نادر چٹھہ نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب میں لوگوں کو صحتِ عامہ کی معیاری اور بروقت سہولیات کی فراہمی تک چین سے نہیں بیٹھوں گا۔ جنوبی پنجاب کے تمام اسپتالوں میں فراہم کردہ سہولیات کا جائزہ لینے کے لیے جنوبی پنجاب کے تمام مراکز ِ صحت کے اچانک دورے کروں گا۔ یہ باتیں انہوں نے ضلع خانیوال میں مختلف مراکز کادورہ کرتے ہوئے کیں۔ انہوں نے بنیادی مرکز صحت مولاپوراور تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال کبیر والا کے دورہ کے دورہ سیکریٹری صحت جنوبی پنجاب نادرچٹھہ نے ادویات کی دسیتابی، خصوصی کورونا ویکسینیشن مہم ((RED،ڈاکٹروں و پیرا میڈیکل اسٹاف کی حاضری، اسپتالوں میں صفائی کی صورتحال سمیت دیگر امور کا جائزہ لیا۔ سیکریٹری صحت جنوبی پنجاب نے اسپتالوں میں علاج معالجہ کے لیے آنے والے لوگوں سے فراہم کی جانے والی سہولیات بارے بھی استفسار کیا۔ بعد ازاں سیکریٹری صحت جنوبی پنجاب نادر چٹھہ نے ڈپٹی کمشنر آفس خانیوال میں ڈپٹی کمشنر آغا ظہیر شیرازی کے ہمراہ کورونا ویکسینیشن کی خصوصی مہم (Reach Every Door-RED)، ڈینگی سے بچاؤ کے اقدامات، انسدادِ پولیو اقدامات اور دیگر متعلقہ امور بارے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ کورونا ویکسینیشن مہم پر خصوصی فوکس کیا جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ضلع میں 12سال کی عمر سے زائد کوئی بھی ویکسینیشن مکمل کرائے بغیر باقی نہ رہے۔