اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی (NDU) کی 23ویں نیشنل سکیورٹی ورکشاپ کے شرکاء نے ائیرہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا۔ وفد کی سربراہی میجر جنرل احسان محمود خان ڈائیریکٹر جنرل اسرا نے کی۔ نیشنل سکیورٹی ورکشاپ کے شرکاء کو پاک فضائیہ کے تنظیمی ڈھانچے اور ذمہ داریوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے شرکاء سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ فضائی قوت نے ہمیشہ زمینی اور سمندری آپریشنز میں فیصلہ کن اور کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ علاقائی جغرافیائی سیاسی ماحول کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ سیکیورٹی چیلنجز سے پوری طرح آگاہ ہے اور اپنے آپریشنل ترقیاتی منصوبوں پر سرگرمی سے عمل پیرا ہے۔