لاہور (خصوصی نامہ نگار) وفاقی وزیر برائے آبی وسائل مونس الٰہی نے چیئرمین ارسا زاہد حسین جونیجو کے ساتھ اجلاس کی صدارت کی۔ جس میں انہیں پانی کی موجودہ صورتحال، ریگولیشن اور صوبوں میں اس کی تقسیم، ارسا کی استعداد کار میں اضافے کے بارے میں بریفنگ دی گئی اور پانی کی تقسیم کی جگہوں پر ٹیلی میٹری سسٹم کی تنصیب بھی زیر بحث آئی۔ وفاقی وزیر مونس الٰہی نے کہا کہ مثبت ترقی کا حصہ ہونے کی وجہ سے کل رم سٹیشنز کی آمد میں گزشتہ سال اکتوبر کے مقابلے میں 27 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اس سے قبل پانی کی آمد 57800 کیوسک تھی جسے بڑھا کر 73400 کیوسک کر دیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر نے منصوبے پر تیزی سے عملدرآمد پر زور دیا تاکہ پانی کی درست تقسیم کے حوالے سے سٹیک ہولڈرز کے درمیان اعتماد پیدا کیا جا سکے۔ جو کہ وفاقی اکائیوں کے درمیان قومی ہم آہنگی کیلئے ناگزیر ہے۔