لاہور(کامرس رپورٹر)انڈس موٹر کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر علی اصغر جمالی نے کہا کہ اپنے معزز صارفین کی جانب سے بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنے کے لیے انڈس موٹر کمپنی اپنی پیداوار اپریل 2022 تک مزید 20فیصد بڑھانے کے لیے مصروف عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمپنی نے حال ہی میں آئی ایم وی کی پیداواری گنجائش میں توسیع کے منصوبہ کا سنگ بنیاد رکھا ہے اس منصوبہ کی تکمیل سے آئی ایم وی کی پیداوار میں 22 فیصد تک اضافہ ہوگا۔ علی اصغر جمالی نے عالمی مارکیٹ میں خام میٹریل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث کمپنی کی تیار کردہ گاڑیوں کی قیمت میں اضافہ کا بھی عندیہ ظاہر کیا۔ علی اصغر جمالی نے کہا کہ ہمیں پختہ یقین ہے کہ عوامی سطح پر بجلی سے چلنے والی گاڑیوں کو فروغ دینے کے لیے ہائی برڈ الیکٹرک گاڑیاں ایک عملی اور دیرپا حل ثابت ہوں گی۔ اسی لیے ہم اپنے صارفین کے لیے فورتھ جنریشن ہائی برڈ الیکٹرک وہیکلز پیش کرنے کے لیے بہت پرجوش ہیں۔