ٹیکنالوجی میں ترقی اور آرٹیفیشل انٹلیجنس سے واقفیت ضروری:سید ظہور احمد

Nov 04, 2021

کوئٹہ (اے پی پی) گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے کہا ہے کہ عصر حاضر کے تقاضوں کے ساتھ چلنے کیلئے ٹیکنالوجی میں ترقی اور آرٹیفیشل انٹلیجنس سے واقفیت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت بلوچستان میں انسانی وسائل کو ترقی دینے اور آرٹیفیشل انٹلیجنس کو اپنانے کیلئے مختلف منصوبوں پر عملدرآمد کا عزم رکھتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںگورنر ہاوس کوئٹہ میں پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر کے چیئرمین شہریار خان آفریدی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا سے سابق رکن سندھ اسمبلی محمد یوسف شاہوانی نے گورنر ہاوس کوئٹہ میں ملاقات کی۔ وہ کچھ دیر گورنر بلوچستان کے ہمراہ رہے اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ گورنر نے کہا کہ کشمیر پریمیر لیگ کی طرز پر ہم یہاں بلوچستان پریمیر لیگ بنا سکتے ہیں کیونکہ کھیل کے شعبے میں بلوچستان میں نوجوان غیرمعمولی صلاحیتوں کے حامل ہیں تاہم ان کی سرپرستی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے شہریار خان آفریدی کی خدمات کو قابلِ ستائش قرار دیتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ بلوچستان میں نوجوان کھلاڑیوں کی جدید تربیت اور ضروری سہولتوں کی فراہمی کے لئے وفاقی حکومت بھرپور تعاون کریں گی۔ شہریار خان آفریدی نے کہا کہ وفاقی حکومت بلوچستان میں نوجوانوں کیلئے آئی ٹی لیب اور انرجی پارک کے حوالے سے نوجوانوں کو تربیت مہیا کرنے کی کوشش کر رہی ہے جس کے نتیجے میں نوجوان گھر بیٹھے کم از کم ایک لاکھ روپے ماہوار کما سکتے ہیں۔ 

مزیدخبریں