لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے گورننگ بورڈ کے سابق رکن اور سیالکوٹ ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کے سابق صدر نعمان بٹ نے کہا ہے کہ گراس روٹ لیول پر کرکٹ کی بحالی کیلئے پی سی بی کے نئے چیئرمین رمیز راجہ کو ہنگامی بنیادوں پر انقلابی اقدامات کرنا ہوں گے۔ کلب کرکٹ کی سطح پر ہونے والی بدانتظامی بورڈ حکام کی انتظامی صلاحیتوں پر سوالیہ نشان ہے۔ کرکٹ بورڈ کے نئے چیئرمین رمیز راجہ کلب کرکٹ کا معیار بلند کرنا چاہتے ہیں لیکن پی سی بی میں موجود کئی افسران کلب کرکٹ کی اہمیت کو سمجھنے میں ناکام رہے ہیں۔ شعبہ ڈومیسٹک کرکٹ کے افسران کلب کرکٹ کا معیار بلند کرنے میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔ ان لوگوں نے گذشتہ تین برس میں کرکٹ کی اصل نرسری کو تباہ کر کے رکھ دیا ہے۔ نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر کو صرف من پسند افراد کو نوازنے کی جگہ بنا دیا گیا ہے۔ نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر انتظامیہ ملک کے طول و عرض میں پھیلے ٹیلنٹ کو نکھارنے اور ڈیویلپمنٹ پروگرامز کا بہتر انداز میں انعقاد کرنے میں ناکام رہی ہے۔ یہی حال شعبہ ڈومیسٹک ہے۔ گذشتہ تین برس میں جتنا نقصان ہوا ہے بنیادی ڈھانچے کو جس بے دردی سے تباہ کیا گیا ہے اس نقصان کا ازالہ کرنے کیلئے کرکٹ بورڈ کے نئے چیئرمین رمیز راجہ کو ہنگامی بنیادوں پر انقلابی اقدامات کرنا ہوں گے۔ کرکٹ پاکستان کا مقبول ترین کھیل ہے۔ کرکٹ ملک کو متحد کرنے کی بڑی طاقت ہے۔ کرکٹ پاکستان کے عوام کیلئے کھیل سے کہیں بڑھ کر ہے۔ جب تک میرٹ پر فیصلے نہیں ہوں گے، باصلاحیت اور تجربہ کار ایڈمنسٹریٹرز کی خدمات حاصل نہیں کی جائیں گی اس وقت تک بہتری ممکن نہیں ہے۔ موجودہ حالات میں ملک بھر میں کلب کرکٹ کی مکمل بحالی سب سے اہم ہے۔