اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے بین الاقوامی عسکری وفد کا پاکستان سویٹ ہوم کا خصوصی دورہ جس میں 23 ممالک کے 42 فوجی افسران شامل تھے۔ تقریب میں پاکستان نیوی کے کموڈور راشد محمود ستارہ امتیاز (ملٹری) اور پاکستان آرمی سے بریگیڈیئر اویس عادل بھی شریک تھے۔ پاکستان سویٹ ہوم کیڈٹ کالج کے دستے نے وفد کو سلامی پیش کی جبکہ سویٹ ہوم کی بچیوں نے پھولوں کی پتیوں سے وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے وفد نے پاکستان سویٹ ہوم کے سربراہ زمرد خان (ہلال امتیاز) سے ملاقات کی اور سویٹ ہوم کے بچوں کے ساتھ وقت گزارا۔ تقریب میں پاکستان سویٹ ہوم کیڈٹ کالج سوہاوہ کے کیڈٹس نے عالمی امن کیلئے پاکستان کی گئی کوششوں اور خدمات کے حوالے اپنے خیالات کا اظہار بھی کیا۔ اس دوران پاکستان سویٹ ہوم کے سربراہ زمرد خان (ہلال امتیاز) نے کہا کہ ہمارے 23 دوست ممالک کے نمائندگان کا یہاں آکر ان بچوں سے ملنا اور ان کے ساتھ وقت گزارنا ہمارے لئے باعث فخر ہے۔ یقیناً نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے وفد کا یہ دورہ دنیا بھرمیں پاکستان کی جانب سے امن‘ محبت اور دوستی کا پیغام ہے جسے ہم نے پاکستان سویٹ ہوم کے بچوں کے ذریعے دنیا بھر میں پھیلانا ہے۔ پاکستان سویٹ ہوم کے سربراہ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان سویٹ ہوم نہ صرف ہزاروں یتیم اور بے سہارا بچوں کی زندگیاں بدل رہا ہے بلکہ لاکھوں معصوم زندگیاں بھی بچا رہا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان نیوی کے کموڈور راشد محمود کا کہنا تھا آج 23 ممالک کے 42 افسران کے ہمراہ ہمارا یہ دورہ پوری دنیا کو یہ پیغام ہے کہ پاکستان ہمیشہ عالمی امن کا خواہاں ہے۔ یہ بچے پاکستان کا روشن مستقبل ہیں جنہوں نے کل ملک و قوم کی باگ ڈور سنبھالنی ہے۔ پاکستان آرمی کے بریگیڈیئر اویس عادل نے کہا کہ دنیا کی تاریخ کا پہلا فری کیڈٹ کالج ان کی وطن عزیز اور اس کے محافظوں سے والہانہ محبت کا عملی ثبوت ہے۔ افواج پاکستان زمرد خان کے اس عظیم مشن میں ان کے ساتھ ہے۔ تقریب کے اختتام پر پاکستان سویٹ ہوم کے سربراہ زمرد خان اور بچوں نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے وفد کو یادگاری شیلڈ پیش کی جبکہ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی نے زمرد خان کو اعزازی شیلڈ سے نوازا۔
سویٹ ہوم