گوجرانوالہ + اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نوائے وقت رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما حماد اظہر اور شہباز گل نے عمران خان پر حملے میں ملوث گرفتار ملزم کے ویڈیو بیان پر تحفظات کا اظہار کر دیا۔ ایک بیان میں حماد اظہر کا کہنا تھا کہ یہ اتنا آسان نہیں کہ فوری اعتراف آگیا ہے۔ عوام کو بے وقوف سمجھنا بند کریں۔ حماد اظہر کا کہنا تھا کہ قاتل کرائے پر مقرر کئے گئے۔ ماضی میں پیسوں کے عوض خودکش حملہ آوروں کی خدمات حاصل کی جاتی رہی ہیں۔ شہباز گل کا کہنا ہے کہ ویڈیو میں اقبالی بیان دینے والا شخص اور فائرنگ کرنے والے کے کپڑوں میں فرق ہے۔ قوم اتنی بے وقوف نہیں ہے۔ تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل اور حماد اظہر نے ویڈیو میں موجود ملزم کا بیان مسترد کر دیا۔ حماد اظہر نے کہا کہ یہ اتنا آسان نہیں کہ فوری اعتراف آگیا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے سینئر نائب صدر فواد چودھری نے کہا ہے کہ عمران خان پر قاتلانہ حملے کی منصوبہ بندی کی گئی تھی۔ اپنے بیان میں فواد چودھری نے کہا کہ قاتل نے عمران خان اور تحریک انصاف کی قیادت کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔ یہ 9 ایم ایم نہیں تھا خودکار ہتھیار کا برسٹ تھا۔ اس میں کوئی دورائے نہیںکہ یہ ایک حساس اور قریبی معاملہ تھا۔ پی ٹی آئی کے رہنما فواد چودھری نے کہا ہے کہ حملہ آور نے عمران خان کے سینے کا نشانہ لیا تھا۔ میرے سامنے دو لوگوں نے پکڑ کر بندوق نیچے کی جس سے بچت ہو گئی ہے۔ وزیرآباد کے پی ٹی آئی رہنما احمد چٹھہ اور فیصل جاوید شدید زخمی ہیں۔ ہمارے دو ارکان صوبائی اسمبلی کو گولیاں لگی ہیں۔
پی ٹی آئی نے ملزم کا اقبالی بیان مسترد کر دیا‘ نشانہ عمران تھے: فواد
Nov 04, 2022