لاہور(سپورٹس رپورٹر)قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ جس طر ح ٹیم نے جنوبی افریقہ کیخلاف کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے بہت زیادہ خوشی ہے ۔ میں اور رضوان امیدوں پر پورا نہیں اتر رہے تھے لیکن جس طرح محمد حارث کھیلا ہے وہ بالکل مختلف کھلاڑی ہے ۔ حارث کے کھیل کے بعد مومینٹم کو جاری رکھنے کی کوشش کی ۔ شاداب خان اور افتخار احمد نے جس طرح کی اننگزکھیلی بہت شاندا ر تھی ۔ دونوں ہمارے بہتر ین کھلاڑی ہیں اور ہر کوئی ایسے کھیلنے کیلئے تیار ہے ۔ ہر کھلاڑی میچ ونر ہے ۔ آئندہ بھی اچھا کھیل پیش کرنے کی کوشش کرینگے ۔ جنوبی افریقہ کے کپتان ٹیمبا بیوما نے کہا کہ پاکستان نے 43رنز پر چارکھلاڑی آئوٹ ہونے کے بعد جس طرح کم بیک کیابہت عمدہ تھا ‘شکست پر مایوسی ہوئی کیونکہ بائولر اور بیٹرز معیار پر پورا نہیں اتر سکے ۔ فیلڈنگ بھی معیاری نہیں تھی ‘کیچزچھوڑے گئے ۔ پاکستان کو جلد آئوٹ کرنا چاہئے تھا۔ ہم نے سوالات اٹھائے ہیں اور ان کا حل تلاش کرنے کی کوشش کرینگے ۔پاکستان ٹیم کو جیت کریڈٹ جاتا ہے ۔ انہوں نے جس طرح مومینٹم پکڑا اسے برقرار رکھا۔
اور بائولنگ میں بھی اختتام تک لے کر گئے ۔ ہم جانتے تھے کہ موسم آڑے آسکتا ہے ۔ بائولرز نے خود کو اس کیلئے تیار کیا ہوا تھا ‘پریکٹس سیشن کے دوران اس کی تیاری بھی کی گئی تھی لیکن یہ بہت مشکل تھا ۔ میرے خیال میں آغاز اچھا نہیں کرسکے ‘صورتحال کو جلد بھانپ نہیں سکے ۔ کوشش کی کہ زیادہ بہتر کھیل پیش کیا جائے ۔ شکست پر کوئی بہانہ نہیں ۔ کچھ چیزیں ایسی ہیں جن بات کریں گے تاکہ خامیوں پر قابو پایاجاسکے ۔ اگلا میچ نیدر لینڈز سے ہے جو آسان نہیں لیں گے بڑا میچ ہوگا۔ کوشش ہوگی اچھے مارجن سے جیتیں اور کم بیک کریں ۔