سوئچنگ اسٹیشن کی تعمیر نواحی یوسی مٹور کے گاؤں میرہ میں شروع کردی گئی 


 کلرسیداں(اکرام الحق قریشی) دریائے نیلم اور جہلم پر تعمیر ہونے والے کروٹ،کوہالہ،گل پور سمیت تمام ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے لیئے سوئچنگ اسٹیشن کی تعمیر نواحی یوسی مٹور کے گاؤں میرہ میں شروع کردی گئی جس کا سنگ بنیاد چند ایام قبل وفاقی وزیر خرم دستگیر نے کیا تھا یہ بات کلرسیداں کہوٹہ سے مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی راجہ صغیر احمد نے نوائے وقت سے ایک خصوصی ملاقات میں بتائی۔انہوں نے بتایا کہ میرہ سوئچنگ اسٹیشن اسلام آباد کے بعد ملک کا دوسرا بڑا سوئچنگ اسٹیشن ہوگا جس کے پہلے فیز کی تعمیر پر سات سو ارب کی لاگت آئے گی اور یہ بیس ماہ میں مکمل ہوگا یہ چین اور پاکستان کا مشترکہ منصوبہ ہے جس کے لیئے فنڈز ورلڈ بنک نے دیئے ہیں منصوبے کی تعمیر سے جہاں ملک بھر میں بجلی کے نظام میں تسلسل پیدا ہوگا اور سستی بجلی پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ لوڈ شیڈنگ کے خاتمے میں بھی مددگار ثابت ہوگا ۔وفاقی وزیر نے مقامی رکن اسمبلی راجہ صغیر احمد کے دونوں مطالبات منظور کرتے ہوئے ماتحت حکام کو زمین کی خریداری کے لیئے دیئے گئے معاوضے میں نظر ثانی کے ساتھ ساتھ سوئچنگ اسٹیشن میں ملازمتوں میں مقامی لوگوں کو ترجیح دینے کے بھی احکامات جاری کیئے ہیں ۔

ای پیپر دی نیشن