قائدین کے اشتعال انگیزبیانات نے جنگی جنون پروان چڑھایا


کراچی (نیوز رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف سربراہ عمران خان پر قاتلانہ حملہ پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے آفاق احمد نے کہا کہ گزشتہ چند برسوں میں قائدین کی طرف سے غیر ذمہ دارانہ اور اشتعال انگیزبیانات نے کارکنان میں سیاسی مخالفین کے خلاف جنگی جنون کو پروان چڑھایاہے، اور جمہوری اقداربری طرح متا ثر ہوئی ہیں۔آفاق احمد نے کہا کہ اقتدار کی اس رسہ کشی میں قومی
 دھارے کی سیاست کی دعوے دارجماعتوں نے اگر تحمل کا مظاہرہ نہ کیا اور غیر ذمہ دارانہ بیانات کے زریعے اپنے اپنے کارکنان میں جنگی جنون کو پروان چڑھاتے رہے تو پر تشددسیاست مارشل لا کا راستہ ہموارکریگی۔ آفاق احمد نے مہاجر نوجوانوں کو ہدایت کی کہ وہ موجودہ صورتحال میں کسی بھی ردِعمل میں ہونے والے مظاہروں اور تضادم کی جگہ سے اپنے آپ کو دور رکھیں۔ تحریک استقلال کے مرکزی صدر رحمت خان وردگ نے عمران خان کے کنٹینر پر فائرنگ کی شدید مذمتکرتے ہوئے ہلاک و زخمی ہونے والوں سے اظہار یکجہتی اور مرحوم کی مغفرت کے لئے خصوصی دعاکی ہے۔اپنے بیان میں رحمت خان وردگ نے مطالبہ کیا کہ فائرنگ کرنے والوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔انہوں نے مزید دعا کی کہ اللہ پاک وطن عزیز پر اپنا فضل فرمائے اور سیاسی انتشار کا جلد خاتمہ ہو۔ سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے گوجرانوالہ میں تحریک انصاف کی چیئر مین عمران خان پر فائرنگ کی شدید میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پر امن لانگ مارچ پر فائرنگ سوالیہ نشان ہے دعا گو ہیں اللہ عزوجل عمران خان سمیت تمام زخمیوں کو صحتیابی عطا فرمائے، تشدد کی سیاست کی ملک میں کوئی گنجائش نہیں ہے، عمران خان پر فائرنگ کے حقائق عوام کے سامنے لائے جائےں ، انہوں کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ کو مکمل سیکیورٹی اور تحفظ فراہم کرنا پنجاب حکومت کی ذمہ داری ہے۔چئیرمین ایم ڈبلیو ایم علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے عمران خان پر قاتلانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ عمران خان پر نہیں ملکی سالمیت اور وقار پر حملہ ہے اور ملک کو عدم استحکام کی طرف دھکیلنے کا سوچا سمجھا منصوبہ ہے۔ رانا ثنااللہ جیسے کرمنل ریکارڈ یافتہ وزیر داخلہ کی موجودگی ملکی امن کے لیے انتہائی خطرناک ہے۔ پاکستان نیشنل فرنٹ(پی این ایف)کے رہنماﺅں انصب رضا فاظمی، نویداختر، خلیل الرحمن، وسیم خان، عزیز صدیقی ایڈووکیٹ، ندیم خان،مہدی ایڈووکیٹ نے کہا یہ حملہ ملک کے امن کو خراب کرنے اور ملک کو خانہ جنگی میں دھکیلنے کی سازش ہے، سازشی عناصر پاکستان کی سالمیت سے کھیل رہے ہیں، لانگ مارچ کو ناکام بنانے یا ختم کرانے کیلئے کئے جانے والے اس حملے سے عوام کے حوصلے پست نہیں ہوں گے،وہ پہلے سے زیادہ بڑھ چڑھ کر لانگ مارچ میں حصہ لیں گے،پی این ایف اس افسوسناک واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے اور اس میں ملوث پس پردہ کرداروں کوبے نقاب کرکے قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ بھی کرتی ہے۔اس حملے کی ہر پہلو سے تحقیقات ہونی چاہیے تاکہ ملوث عناصر سامنے آسکیں۔
راجہ ناصر عباس

ای پیپر دی نیشن