مہنگائی بڑھ گئی، 14اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ، 12میں کمی : ادارہ شماریات

 اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+نمائندہ خصوصی) ملک میں تین ہفتے مسلسل کمی کے بعد پھر سے مہنگائی کی شرح میں اضافہ ہونا شروع ہوگیا۔ وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری ہونے والی رپورٹ کے مطابق ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں 0.71 فیصد اضافہ ہوگیا ہے جبکہ سالانہ بنیاد پر مہنگائی کی شرح بھی 29.88 فیصد ہوگئی ہے۔ تاہم ملک میں مہنگائی سے سب سے زیادہ متاثر 22ہزار 889روپے سے 29 ہزار 517روپے ماہانہ آمدن رکھنے والا طبقہ متاثر ہوا۔ اس طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح 30.22فی صد رہی ہے۔ ادارہ شماریات کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ہفتے کے دوران ہفتے ملک بھر میں 14 اشیاءکی قیمتوں میں اضافہ جبکہ 12 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی اور 25 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ رپورٹ کے مطابق رواں ہفتے آلو کی قیمت میں 1.61فیصد، پیاز کی قیمت میں 25.25 فیصد، ٹماٹر کی قیمت میں 25.58 فیصد، چکن کی قیمت میں 10.79 فیصد، انڈوں کی قیمت میں 1.30 فیصد، چائے کی پتی کی قیمت میں 1.58 فیصد، لہسن کی قیمت میں 0.50 فیصد، باسمتی ٹوٹا چاول کی قیمت میں 0.19 فیصد جبکہ آگ جلانے والی لکڑی کی قیمت میں 0.05 فیصد اضافہ ہوا۔ اس دورانیے میں گڑھ کی قیمتوں میں 2.66 فیصد، کوکنگ آئل کی قیمتوں میں 1.62 فیصد، ایل کی پی جی کی قیمت میں 1.05 فیصد، آٹے کی قیمت میں 0.62 فیصد، دال مسور کی قیمت میں 0.93 فیصد، واشنگ سوپ کی قیمت میں 0.41 فیصد جبکہ سرسوں کے تیل کی قیمت میں 0.32 فیصد کمی واقع ہوئی۔

ای پیپر دی نیشن