سٹاک مارکیٹ ساڑھے 6سال بعد 53ہزار پوائنٹس کی حد عبور کرگئی: ڈالر، سونا مہنگا

 کراچی (کامرس رپورٹر) رواں کاروباری ہفتے کے اختتامی روز جمعہ کو پاکستان سٹاک ایکسچینج میں کاروبار حصص تیزی کی جانب گامزن رہنے سے ساڑھے 6 سال بعد انڈیکس 53 ہزار پوائنٹس کی حد عبور کر گیا۔ کاروبار میں تیزی کے سبب 100انڈیکس کی ایک ساتھ 5 نفسیاتی حدیں 52700، 52800، 52900، 53000 اور 53100 عبور کر گئیں۔ کاروباری تیزی کی وجہ سے مارکیٹ کے سرمائے میں 36ارب 74کروڑ روپے سے زائد کا اضافہ ہو گیا۔ کاروباری حجم جمعرات کے مقابلے میں 7.16فیصد زائد رہا۔ سرمایہ کاروں کی جانب سے سپننگ، ریفائنری، پراپرٹیز، ٹیلی کام، سیمنٹ، فوڈز، پاور اور دیگر سرگرم سیکٹرز کے حصص میں نمایاںسرگرمیاں دیکھی گئیں۔ جمعہ کو شیئرز مارکیٹ میں ایک موقع پر انڈیکس 53267 پوائنٹس تک بھی پہنچا تاہم کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس میں 466.28پوائنٹس بڑھ کر 53123.04 پوائنٹس ہو گیا۔ جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 373.10 پوائنٹس بڑھ کر 35434.61 پوائنٹس اور کے ایم آئی 30انڈیکس 991.67 پوائنٹس بڑھ کر 90323.33 پوائنٹس پر جا پہنچا لیکن کے ایس ای 30انڈیکس 111.06پوائنٹس کی کمی سے 17803.91پوائنٹس رہ گیا۔ کاروباری تیزی سے مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ 36ارب 74کروڑ 60لاکھ 52ہزار 410روپے بڑھ کر 76کھرب 76ارب 57کروڑ 48لاکھ 90ہزار 210روپے ہو گیا۔ حصص مارکیٹ میں جمعہ کو 15 ارب روپے مالیت کے 50کروڑ 91لاکھ 13ہزار 372 حصص کے سودے ہوئے جبکہ جمعرات کو 14ارب روپے مالیت کے 47کروڑ 50لاکھ 85ہزار 837 شیئرز کا کاروبار ہوا تھا۔ ملکی صرافہ مارکیٹوں میں جمعہ کو ایک تولہ سونا `1100روپے بڑھ گیا جس کے بعد ایک تولہ سونے کی قیمت 2لاکھ 13ہزار 300 روپے سے بڑھ کر 2لاکھ 14ہزار 400 روپے ہوگئی۔ آل پاکستان سپریم کونسل جیولرز ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق جمعہ کو دس گرام سونے کی قیمت میں 943روپے اضافے سے 10 گرام سونے کی قیمت 1لاکھ 83ہزار 813 روپے رہی۔ رپورٹ کے مطابق عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونا 2005 ڈالر پر برقرار رہا۔ جبکہ مقامی مارکیٹ میں فی تولہ چاندی کے دام 2580روپے پرمستحکم رہے۔ امریکی ڈالر کی قیمت فروخت انٹربینک میں 88پیسے بڑھ کر 284.31 روپے پر پہنچ گئی۔ جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں ڈالر مزید 50پیسے کے اضافے سے 285روپے پر پہنچ گیا۔

ای پیپر دی نیشن